بارہ گھنٹوں میں 3 آڈیو لیکس کا وقت اہم اور تشویشناک ہے، شیخ رشید

ویب ڈیسک  پير 26 ستمبر 2022
پی ڈی ایم کے مستقبل کا فیصلہ 15 نومبر سے پہلے ہو جائے گا، سابق وزیر داخلہ (فوٹو فائل)

پی ڈی ایم کے مستقبل کا فیصلہ 15 نومبر سے پہلے ہو جائے گا، سابق وزیر داخلہ (فوٹو فائل)

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بارہ گھنٹوں میں تین آڈیو لیکس کا وقت اہم اور تشویشناک ہے۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید احمد  نے مسلم لیگ نے رہنما اسحاق ڈار کا نام لیے بغیر اُن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مفرور وزیراعظم کے جہاز میں بھاگا اور 5 سال بعد وزیراعظم کے ساتھ آرہا ہے، یہ چوری اور سینہ زوری ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے حکومتی اتحاد سے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے مزید کہا کہ  پی ڈی ایم کےمستقبل کا فیصلہ15 نومبر سے  پہلے ہوجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ 12 گھنٹوں میں3آڈیولیکس کا وقت اہم اور تشویش ناک ہے۔

ڈالر کی قیمت اور مہنگائی میں مسلسل اضافے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے باوجود اسحاق ڈار ڈالر، بجلی،  گیس اور آٹے کا کیا کریں گے، جو مفتاح نہیں کر سکے۔

ایک دوسرے ٹوئٹ میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ آڈیو وڈیو کی رسم شروع کرنے والے خود اُس کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اتفاق فاؤنڈری کا اکاؤنٹنٹ آ رہا ہے، کوئی اکانومسٹ نہیں۔ ڈان لیکس 2 بھی ناکام ہو گئی۔ مریم نشانہ ہے، شہباز کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الٹی گنتی شروع ہو گئی، اکتوبر کا انتظار کریں۔ آپ نے گھر جانا ہے اور الیکشن کروانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔