فضل الرحمان نے مفتاح کی جگہ اسحاق ڈار کو لانے کا فیصلہ درست قرار دے دیا

عمران خان کے دور میں 5 وزرا خزانہ تبدیل ہوئے مگر آج مفتاح اسماعیل کی تبدیلی پر بات کی جا رہی ہے، سربراہ جے یو آئی


/ September 26, 2022
—فائل فوٹو

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر خزانہ کے قلمدان کے لیے مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار کو لانے کے فیصلے کی حمایت کردی۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار کو لانا معیشت کی بہتری کے لیے ایک کوشش ہے، عمران خان کے دور میں 5 وزرا خزانہ تبدیل ہوئے مگر آج مفتاح اسماعیل کی تبدیلی پر بات کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہعمران خان کے ہاتھوں سے تباہ شدہ پاکستان ملا ہے، آج ہم مہنگائی کو رو رہے ہیں شکر کریں ملک کو نہیں رو رہے، کسی ملک کو تباہ کرنے کی سب سے بڑی کوشش سیاسی عدم استحکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کی صورت میں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام لایا گیا ہے، معاشی عدم استحکام پاکستان میں عمران خان کے زریعے لایا گیا جس میں عالمی ادارے بھی ملوث تھے، عمران خان کی پشت پر یہودی لابی کام کر رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہی سوچا جا رہا ہے کہ کس طرح ملک کو بہتری کی طرف لایا جائے، ڈالر کو کنٹرول کرنے میں بنیادی کردار سٹیٹ بنک کا ہوتا ہے جس کی آزادی سلب کر کے ائی ایم ایف کو دے دی گئی ہے، ہم نے حکومت لی ہے جس وجہ سے جلسوں کے بجائے پاکستان کو بچانے کا کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں ہمیں بہتر منصوبہ بندی کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے، مہنگائی کی وجہ عمران خان ہے جس نے ریاست کو معاشی اعتبار سے کمزور کر دیا ہے، ساڑھے تین سال میں جس نے ملک کو خراب کیا وہ کہتا ہے ساڑھے تین ماہ میں ملک کو ٹھیک کر دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں