بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  منگل 27 ستمبر 2022
نوجوان کو ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

نوجوان کو ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں غیر قانونی سرچ آپریشن کی آڑ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین سے بدتمیزی کی اور بزرگوں تک کو ہراساں کیا۔

سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔

ستم بالائے ستم یہ کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوج نے لاش لواحقین کو دینے سے انکار کردیا۔

بھارتی فوج نے اپنی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نوجوان کو بھی اسپتال لے جانے کے بجائے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس سے نوجوان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔