لاہور میں تیز بارش؛ پاکستان اور انگلینڈ کا پریکٹس سیشن منسوخ

اسپورٹس رپورٹر  منگل 27 ستمبر 2022
اسٹیڈیم میں بارش کا منظر (فوٹو : ویڈیو گریب)

اسٹیڈیم میں بارش کا منظر (فوٹو : ویڈیو گریب)

لاہور میں تیز بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کا آج شام کا پریکٹس سیشن  اور پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں قذافی اسٹیڈیم واقع ہے جہاں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گراؤنڈ اسٹاف نے بارش شروع ہونے پر میچ اور پریکٹس کے لیے تیار پچز کو فوری طورپر کوروز سے ڈھانپ دیا تاہم گراؤنڈ گیلا ہونے پر دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ آج دونوں ٹیمیں ہوٹل میں آرام کریں گی۔

قومی ٹیم کے مینجر نے شام چھ بجے کے بعد شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کرنے کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے انڈور باب وولمر ہال میں کھلاڑیوں کی پریکٹس کا آپشن موجود تھا تاہم اسے زیر غور نہیں لایا گیا۔

https://twitter.com/ShahidSelfie/status/1574710050051874817?s=20&t=LOPFrqNqHHd55Q6KoOXxaQ

محکمہ موسمیات نے آج اور کل بارش کی پیش گوئی نہیں کی تھی۔ اچانک بارش آنے پر پی سی بی اسٹاف کے ساتھ سکیورٹی پر مامور اہل کاروں کی بھی دوڑیں لگ گئیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل بارش کا امکان نہیں اور مطلع صاف رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔