دو پاکستانی خواتین ایتھلیٹس میراتھن میں شرکت کیلیے لندن روانہ

زبیر نذیر خان  منگل 27 ستمبر 2022
فوٹو ایکسپریس

فوٹو ایکسپریس

 کراچی: پاکستان کی دو خواتین ایتھلیٹس لندن میراتھن اور نیو یارک سٹی میراتھن میں شرکت کریں گی، طویل فاصلوں کی  دوڑوں میں  بہترین کارکردگی کی امید لیے دونوں پاکستانی خواتین ایتھلیٹس اپنی منزل کی جانب رواںہ ہوگئیں۔

انٹرنیشنل ایتھلیٹس حرا دیوان اور کوکب مسرور اتوار کو ہونے والی لندن میراتھن کے ویمن ایونٹ میں شرکت کریں گی، بعدازاں وہ 6 نومبر کو امریکا میں ہونے والی نیویارک سٹی میراتھن میں بھی ایکشن میں ہوں گی۔

روانگی سے قبل انہوں  نے عالمی ایونٹس میں بہتر نتائج کی توقع  ظاہر کی۔ نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے حرا دیوان اور کوکب مسرور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے  کہا کہ ’نیویارک میں ہونے والی  دنیا کی سب سے بڑی اور لندن میں شیڈول دنیا کی تیسری بڑی  میراتھن میں شرکت کسی اعزاز سے کم نہیں، ان مقابلوں کے لیے بھر پور محنت اور مکمل تیاری کی ہے  جبکہ شرکت کے حوالے سے بہت پرجوش اور خوش ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ  ان مقابلوں میں ہماری شرکت پاکستان کی خواتین کے لیے ایک پیغام  ہے، اب وقت بدل گیا ہے، عورتیں بھی زندگی کے ہر شعبہ میں مردوں کے شانہ بشانہ شریک ہیں، یہ امر مسرور کن ہے کہ پاکستانی خواتین بھی انٹرنیشنل ایتھلیکٹس مقابلوں میں شرکت کر رہی ہیں، یہ عمل  پاکستانی معاشرے کے روشن خیال ہونے کا بھی عکاس ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ  لندن میراتھن  میں شرکت کرکے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے  فنڈز بھی جمع کریں گے، واضح رہے کہ  گزشتہ لندن میراتھن میں  بہبودی مقاصد کے لیے 6 کروڑ64 لاکھ پونڈز کی ریکارڈ امدادی رقم اکھٹا کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔