نواز شریف ،اسحاق ڈار کی تقاریر نشر کرنے پر ڈی جی آپریشنز پیمرا طلب

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2022
پیمرا اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر عمل کیوں نہیں کر رہا، لاہور ہائیکورٹ

پیمرا اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر عمل کیوں نہیں کر رہا، لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف ، اسحاق ڈار و دیگر کی تقاریر نشر کرنے پر ڈی جی آپریشنز پیمرا کو طلب کرلیا۔

ہائی کورٹ میں نواز شریف ،اسحاق ڈار سمیت دیگر اشتہاری ملزمان کی تقاریر ٹی وی پر نشر کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پیمرا نے 2019 میں اشتہاری اور سزا یافتہ ملزمان کے ٹی وی پر آنے پر پابندی عائد کی تھی، مگر نواز شریف اور اسحاق ڈار کی تقاریر اور پریس کانفرنس ٹی وی پر دکھائی جا رہی ہیں،پیمرا اپنے ہی احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے، عدالت پیمرا کو اشتہاری ملزمان کی تقاریر ٹی وی پر نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔

عدالت نے پیمرا کے ڈی جی آپریشنز کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر فریقین عدالت میں اپنا تفصیلی جواب کرائیں، پیمرا اپنے ہی بنائے ہوئے قوانین پر عمل کیوں نہیں کر رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔