مریم نواز کی بریت؛ فواد چوہدری نے فیصلے کو تاریخ کا تاریک دن قرار دے دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت کے فیصلے کو پاکستان کی تاریخ کا ایک اور تاریک دن قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری نے لکھا کہ ’’مریم نواز کا جرم اربوں روپے کے ایون فیلڈ کے محلات ہیں اور اس جرم میں ان کا کردار کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، بہرحال پاکستان کی تاریخ کا ایک اور تاریک دن‘‘۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں، وہ کسی کے حق میں فیصلہ دیں یا خلاف عوامی رائے عامہ میں اس فیصلے کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہ گئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کر دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی مریم نواز کی نااہلی بھی ختم ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں؛ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور صفدر کی سزائیں کالعدم قرار، نااہلی بھی ختم

عدالت نے اپنے فیصلے میں ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی چار سال کے بعد اپیلیں منظور کیں۔ فیصلہ سنتے ہی مریم نواز نے والد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں مبارک باد دی۔ فیصلے پر عدالت کے باہر ن لیگی کارکنوں نے خوشی سے نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں متعدد سماعتوں کے بعد جولائی 2018ء میں  سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان پر 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

عدالت نے اس ریفرنس میں مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سناتے ہوئے 20 لاکھ برٹش پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ اسی طرح کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا مقدمہ نواز شریف کے مقدمے سے علیحدہ کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔