نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاری، وکلا کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک / نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 29 ستمبر 2022
میرے اور مریم پر بنائے گئے مقدمات سیاسی تھے، آج جھوٹے بے نقاب ہوگئے، نواز شریف (فوٹو: فائل)

میرے اور مریم پر بنائے گئے مقدمات سیاسی تھے، آج جھوٹے بے نقاب ہوگئے، نواز شریف (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: مریم نواز کی بریت کے بعد اب نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کردی، انہوں نے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ مجھ پر ایک دن بھی باہر رہنا بھاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور رہنما کپیٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے بعد پارٹی قائد میاں نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کردی۔

ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج عدالت سے آنے والے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف نے واپسی کے لیے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی، قانونی ٹیم جلد عدالت سے رجوع کرے گی۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق جو کیس مریم نواز کے اوپر تھا وہی ایون فیلڈ ریفرنس نواز شریف پر موجود ہے جس میں نواز شریف کو کہا گیا تھا کہ وہ پہلے عدالت کے سامنے پیش ہوں پھر اس کیس کا فیصلہ کیا جائے گا،کیس میں نامزد مریم نواز مسلسل عدالت میں پیش ہوتی رہیں اور ان کی اپیل پر آج انہیں بری کردیا گیا۔ اسی طرح اب یہی کیس نواز شریف پر موجود ہے اور وہ پیش ہوکر بری ہوجائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور وہ جلد ہی راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے بعد ازاں وہ وطن واپس آکر عدالت کا سامنا کریں گے اور اسی طرح اپیل دائر کریں گے جس طرح مریم نواز نے دائر کی۔

یہ پڑھیں : ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور صفدر کی سزائیں کالعدم قرار، نااہلی بھی ختم

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اب تک ضمانت طبی بنیادوں پر ہے اور وہ اسی بنیاد پر بیرون ملک موجود ہیں، مریم نواز کی اپیل میں سماعتوں کے دوران ججز نے جس طرح رائے دی ہیں اس سے ظاہر ہوا ہے کہ کیس میں جان نہیں ہے، ججز نے متعدد بار کہا کہ مریم نواز اگر بینیفشری ہے ہیں تو یہ کہیں بھی ثابت نہیں ہورہا اسی طرح آج ججز نے یہ بھی کہا کہ کیس میں کہیں سے بھی ثابت نہیں ہورہا ہےکہ ایون فیلڈ کے اپارٹمنٹس نواز شریف کی ملکیت ہیں۔

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ میں جلد پاکستان جانا چاہتا ہوں مجھ پر ایک ایک دن باہر رہنا بھاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : میری آڈیو لیکس میں عمران خان اور اس کا کوچ ملوث ہیں، مریم نواز

نواز شریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر مریم نواز کو مبارک باد بھی دی اور کہا کہ میرے اور مریم نواز پر بنائے گئے مقدمات سیاسی تھے، مقدمے کا مقصد ہمیں سیاست سے باہر نکالنا تھا، خدا نے آج جھوٹوں کو بے نقاب کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ چاہتے تھے کہ میں سزا کا سن کر وطن واپس نہ آؤں حالاں کہ میں بیمار بیوی کو چھوڑ کر بیٹی کے ہمراہ گرفتاری دینے پاکستان پہنچا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔