وفاق نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلیے کوئی مدد فراہم نہیں کی، خیبرپختونخوا حکومت

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 پشاور: صوبائی وزیر برائے محنت اور حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخواہ حکومت کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مالی وسائل نہیں دیے جارہے۔

شوکت یوسفزئی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ سیلاب تو پورے ملک میں آیا لیکن خیبرپختونخوا کو مالی وسائل دیئے جارہے ہیں نہ ہی مدد کی جارہی ہے، احساس پروگرام کے پیسے مستحقین کی بجائے مسلم لیگ اورپیپلزپارٹی کے ورکروں میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز تو ڈوب رہا ہے یہ ساتھ چھوٹے صوبوں کو بھی ڈبونا چاہتے ہیں، عوام کا حق مارا جارہا ہے ، ہماری حکومت ماہانہ بجلی منافع کے ہمیں 3ارب دیتی تھی ، اس حکومت نے 5ماہ میں ایک روپیہ تک نہیں دیا۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پٹرول ڈیڑھ سو روپے مہنگا اور پانچ روپے سستا کرکے دھوکہ نہ دیاجائے ، عوام ان حکمرانوں کا احتساب کرنے اور نکلنے کے لیے تیار ہے۔ ہ ڈالر ،ڈالر کھیل رہے ہیں ، ہم نے مہنگائی کے باوجود سستا پٹرول دیا ،یہ آج مہنگا فروخت کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔