3کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چائے اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  جمعرات 29 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 راولپنڈی: پاکستان کسٹم انٹیلی جنس نے ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد مالیت چائے کی پتی  کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

کسٹم انسداد اسمگلنگ سیل کی طرف سے قبضے میں لی جانے والی چائے کی پتی کا وزن 26 ٹن ہے، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو قبضہ میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ڈائریکٹریٹ کسٹمز اینٹلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن کو بڑے پیمانے پر چائے کی پتی کی اسمگلنگ کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔

ڈائریکٹریٹ کسٹمز انٹیلی جننس کے انسپکٹر لیاقت ،ملک مبین اور ناصر سمیت دیگر اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے موٹروے ٹول پلازہ کے قریب ناکے پر چالیس فٹ ٹرالر کی تلاشی کے دوران  ٹرالر پر لدی اسمگل شدہ چائے کی پتی کی تین سو ستر بوریاں برآمد ہوئیں۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ چائے کی پتی کوئٹہ سے سی پیک کے راستے راولپنڈی لائی جارہی تھی، فتح جنگ کے قریب واقع ٹول پلازے سے نکل کر گاڑی راولپنڈی کیلئے آرہی تھی تو وہاں موجود ناکے پر گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈرئیوار نے راولپنڈی کے علاقے گنج منڈی میں واقع جس گودام میں اتارنے کیلئے یہ چائے کی پتی لے جانا تھی اس گودام کے مالک کے بارے میں اہم معلومات فراہم کردی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کسٹمز کی ٹیم مبینہ طور پر اسمگلنگ میں ملوث گنج منڈی کے بڑے تاجر کے خلاف کاروائی کیلئے گھیرا تنگ کررہی ہے اور مزید شواہد ملنے پر اسمگلنگ میں ملوث اصل عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔