سرکاری ملازمین کا ایگزیکٹیو الاؤنس نہ ملنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان

حیدر نسیم  جمعرات 29 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: سرکاری ملازمین نے ایگزیکٹیو الاؤنس نہ ملنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ 13 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا ہوگا جبکہ 4 اور 11 اکتوبر کو وزراتِ خزانہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک احتجاجی مارچ ہو گا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ احتجاج آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے تحت ہو گا، جس میں وفاقی وزارتوں، محکموں، ڈویژنز اور ملازمین کی تمام یونینز و ایسوسی ایشنز شرکت کریں گی۔

ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں میں تفریق کے شکار وفاقی ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے، گریڈ 17 سے 22 کے افسران کو 150فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دیا گیاہے جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی اپ گریڈیشن 8 سال سے تعطل کا شکار ہے۔

الائنس کی جانب سے جاری اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہ میں150 فیصد اضافہ کرے اور 11 فروری معاہدے اور 12 اپریل 2021 کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سفارشات پر عمل کو یقینی بنائے، صوبائی طرز پر گریڈ ایک سے 16 کے وفاقی ملازمین کی اپ گریڈیشن کی جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کے ہاؤس رینٹ، میڈیکل، کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے جبکہ ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ، ایڈہاک ملازمین کو مستقل کیا جائے، مہنگائی کے تناسب سے پنشنرز کی پنشن میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔