بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 30 ستمبر 2022
نوجوانوں کو ضلع کلگام میں شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

نوجوانوں کو ضلع کلگام میں شہید کیا گیا، فوٹو: فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے اس طرح صرف دو روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے بلاجواز سرچ آپریش کیا جس کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کے پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی گئی اور موبائل، نیٹ سروس منقطع کردی گئی۔

سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ بدھ کے روز بھی ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ بھی قابض بھارتی فوج نے 19 نوجوانوں کو شہید کیا تھا جن میں سے 8 کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز ان میں سے کسی بھی نوجوان پر دہشت گردی کے الزام کو ثابت نہیں کرپائی تھی۔

واضح رہے کہ مودی کی فاشسٹ حکومت نے سیاہ قانون کے ذریعے جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت خو ختم کرکے اسے تین حصوں میں تقسیم کیا اور وفاقی اکائیاں تسلیم کی تھیں جس کے بعد سرچ آپریشن کے ذریعے کشمیریوں کی نسل کشی کا عمل جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔