نواز شریف کی وطن واپسی کا امکان ن لیگ پنجاب کو استقبال کی ہدایت

نواز شریف نے لندن میں اپنے وکلاء اور پاکستان میں موجود قانونی ٹیم سے مشاورت تیز کر دی


ویب ڈیسک September 30, 2022
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عدالت سے بریت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کا قوی امکان پیدا ہوگیا ہے، نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسحاق ڈار کی وطن واپسی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عدالت سے بریت کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لندن میں اپنے وکلاء اور پاکستان میں موجود قانونی ٹیم سے مشاورت تیز کر دی ہے، وکلاء اسحاق ڈار کی طرز پر نواز شریف کا کیس تیار کریں گے۔

وکلاء کی جانب سے نواز شریف کی تقاریر نشر و شائع کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے کے لئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے تناظر میں نواز شریف وطن واپسی کا فیصلہ کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے پنجاب تنظیم کو نواز شریف کے فقید المثال استقبال کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت دے دی، قیادت کی ہدایت پر مسلم لیگ ن پنجاب نے تمام ذیلی تنظیموں کو نواز شریف کے شانداد استقبال کی ہدایات جاری کر دیں۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی لندن روانگی بھی متوقع ہے، لاہور ہائیکورٹ سے پاسپورٹ ملنے کی صورت میں مریم نواز لندن جائیں گی، بعدازاں مریم نواز اور پارٹی کے دیگر اہم رہنما نواز شریف کی ہمراہ وطن واپس آئیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آ کر ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائیں گے اور نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو و پارٹی کے دیگر امور کی نگرانی بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وطن واپسی اسلام آباد میں ہو گی یا لاہور، اس کا حتمی فیصلہ نواز شریف لیگی رہنماؤں کی مشاورت کے بعد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں