خوابوں کی تعبیر

فائزہ مشتاق عظیمی  اتوار 2 اکتوبر 2022
آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

بے موسم کے پھول
نسیم یوسف، گوجرانوالہ

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے باغ میں ہوں اور وہاں مالی کے ساتھ مل کے کاٹ چھانٹ کر رہی ہوں ۔ میں پھولوں کی طرف دیکھتی ہوں تو بہت حیران ہوتی ہوں کہ ان میں کافی ایسے پھول ہوتے ہیں جن کا موسم نہیں ہوتا۔ مالی مجھے کہتا ہے کہ ان کو نکال دیں ان کا اس وقت موسم نہیں اور بے کار لگے ہوئے ہیں ۔ میں اس کو منع کرتی ہوں کہ نہیں لگے رہنے دو جبکہ مالی مسلسل ان کو اتار رہا ہے کہ یہ اس وقت اچھے نہیں مگر میں ساتھ ساتھ اس کو ٹوکتی جا رہی ہوں مجھے اس کی تعبیر جاننا ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسلے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

زخم رسنا
عبداللہ، چنیوٹ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے ہاتھ پہ کہیں سے چوٹ لگی ہے اور اس میں سے بہت زیادہ مواد رس رس کے بہہ رہا ہے۔ میری بہن بہت کوشش کرتی ہے کہ اس کو کپڑے سے صاف کر سکے مگر وہ رستا ہی چلا جاتا ہے اور مجھے کافی تکلیف اور پریشانی ہوتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری سے ذھن نکال کے اللہ کی طرف دھیان لگائیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

ستارے کی چمک ختم ہونا
فرح دیبا، کراچی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں آسمان کی طرف منہ کر کے لیٹی ہوں اور آسمان پہ موجود ستارے دیکھ رہی ہوں ۔ تھوڑی دیر بعد مجھے یوں لگتا ہے کہ جیسے سارے ستارے ٹمٹمانے لگے ہوں اور ان کی روشنی کم ہونے لگی ہو ۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ بالکل تاریک ہو جاتے ہیں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

پنکھے سے سانپ لٹکنا
نذیر احمد، سکھر

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے کمرے کی چھت پہ پنکھے کے ساتھ ایک کالے رنگ کا سانپ لٹک رہا ہے جو نیچے میرے بستر پہ چھلانگ لگا دیتا ہے ۔ میں اتنا ڈر جاتا ہوں کہ مارے خوف کے میرے منہ سے آواز نہیں نکلتی اور میں نیم بے ہوش ادھر ہی اس کو اپنی طرف بڑھتے دیکھتا رہتا ہوں ۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بنے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

خاندانی دعوت
وقار النساء، حیدر آباد

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے خاندان میں کسی دعوت میں موجود ہوں اور میری گود میں ایک بہت ہی پیارا و صحت مند بچہ ہے ۔ سب رشتے دار آ کر اس کو پیار کر رہے ہیں ۔ میں بھی اس کو گود می اٹھائے پھر رہی ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذہن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

ساتھ والے گھر میں گدھے
نوشین خان، سکھیکی

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرے ساتھ والے گھر میں کسی نے دو گدھے باندھے ہوئے ہیں جو دن رات عجیب سی آوازیں نکالتے رہتے ہیں ۔ میں ان کی آوازوں سے بہت پریشان ہوتی ہوں۔ مگر میری بار بار درخواست کے باوجود چوکیدار ان کو ادھر سے نہیں ہٹاتا۔ یہ آوازیں ہر وقت میرے دماغ میں گونجتی رہتی ہیں۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔

تیتر کا پکوان
ارباب گل، رحیم یار خان

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ ہم دوست مل کر شکار پر گئے ہیں ۔ وہاں اجازت نامہ لینے کے بعد ہم تیتر کا شکار کرتے ہیں۔ میرا دوست کسی جاننے والے کے گھر سے ان کو پکوا کے لاتا ہے جو کہ انتہائی لذیذ ہوتے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔