علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

3 تا 9 اکتوبر 2022


October 02, 2022
3 تا 9 اکتوبر 2022

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل
اس ہفتے کی ابتدا میں کاموں میں کچھ تعطل جو ایک عرصے سے جاری تھا اس میں تبدیلی کا امکان ہے۔ وہ امور جو پتا نہیں کیوں خراب ہورہے تھے اب اس ''کیوں'' کی سمجھ آنے لگے گی اور کام چل پڑیں گے۔ عطارد سیدھا ہورہا ہے، کیوںکہ ابھی مریخ کی کڑوی نظر میں ہے۔ اس لیے تھوڑا سا تحمل ضروری ہے۔ معدے میں کچھ گڑبڑ ہوسکتی ہے۔ ایک پرانے دوست سے اس ہفتے ملاقات ہوسکتی ہے۔ جو رشتہ آپ دیکھ رہے ہیں اس بارے جلد بازی سے گریز بہتر ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
سورج اور زہرہ قریب ہیں اور آپ کے کام کاج کے مقام پر ہیں۔ زہرہ تحت الشعاع ہے کاموں میں جلد بازی سے کام خراب ہوسکتے ہیں۔ مزاج میں برہمی آسکتی ہے جس سے آپ کے پلان اور پروگرام میں تبدیلی اور خرابی آسکتی ہے، محتاط رہیں۔ اس ہفتے کے آخر تک آپ ایک اچھی رقم کے مالک ہوچکے ہوں گے۔ یہ رقم بلامشقت ہوسکتی ہے کوئی انعامی صورت بھی ممکن ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ اپنے شرفی گھر میں راجع یعنی الٹا چل رہا تھا۔ گذشتہ ایک مہینے جس تذبذب اور دباؤ کی کیفیت سے آپ گزرے ہیں اس کا اب خاتمہ ہورہا ہے۔ تلخی کا ہلکا سا وار ہوسکتا ہے۔ آپ کی منصوبہ بندی میں ایک نئی ترتیب بن سکتی ہے۔ نظرثانی ہوسکتی ہے جو چیزوں کو بہتر کرنے میں مددگار ہوگی۔ کیریئر میں ایک بہتر تبدیلی کا امکان ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
تین اکتوبر یعنی پیر کے دن کی گئی کوشش کا ممکن ہے مطلوبہ نتیجہ حاصل نہ ہو اور نہ ہی زیادہ امید رکھیں، ورنہ خوامخواہ کی دل شکنی ہوگی۔ اگر آپ تحقیق اور تجربات کے کسی کام سے منسلک ہیں تو ممکن ہے یہ ہفتہ ایک بہتر راستہ مہیا کرنے میں مددگار ہو۔ بیرون ملک/وراثتی امور اور نئے تجربات میں ایک بہتر پیش رفت کی امید ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
چہرے یا گلے میں الرجی ہوسکتی ہے۔ اپنے کھانے پینے کا خیال رکھیں اور زیادہ زور سے نہ بولیں ورنہ گلا بیٹھ جائے گا۔ دل پر کام کی وجہ سے دباؤ ہوسکتا ہے۔ کاموں میں رکاوٹ اور سست روی نیند اور خوراک کا وقت متاثر کرسکتی ہے۔ اس صورت حال کو سمجھ کے اس کا حل کریں۔ کوئی دوست معاون ہوسکتا ہے لیکن اس سے کسی بات پر اختلاف یا بدمزگی بھی پیدا کرسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا یہ ہفتہ بہت شان دار ہونے کی امید ہے۔ زہرہ خانہ مال میں موجود ہے آمدن میں ایک اچھا اضافہ ہوسکتا ہے لیکن سورج کی موجودگی بیرون ملک سے اگرچہ مالی فائدہ بتاتا ہے لیکن وہیں پر پیسہ جاتا ہوا بھی نظر آرہا ہے، لیکن یہیں پر مریخ اور عطارد ایک دوسرے کو اچھی توانائی دے رہے ہیں۔ ممکن ہے ایک نئی جاب یا نیا کیریئر شروع کرنے کا موقع ملے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کے سیارے زہرہ کے ساتھ سورج بھی طالع ہے، یعنی آپ کے ماتھے پر چمک رہا ہے۔ آپ کی شخصیت میں ایک نکھار، رعب، شاہانہ انداز اور تیزی طراری لازم عود کر آئے گی۔ اولاد کے خواہش مند افراد کو اولادِنرینہ کی خوشی مل سکتی ہے۔ آپ کے تعلقات میں وسعت آئے گی۔ دہرے تعلقات کو نبھانے کے لیے آپ میزان کو درست رکھیں۔ بیرون ملک سے فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
پلوٹو آپ کا ذاتی سیارہ چار اکتوبر کو چاند سے ملاقات کررہا ہے۔ ایسے وقت میں شمس و زہرہ بیرون ملک سے منسلک کسی کام یا بزنس میں دل چسپی اور مواقع فراہم کرسکتا ہے۔ آپ کا معدہ ابھی ٹھیک نہیں ہوا اپنی خوراک کا خیال رکھیں۔ نیند پُرسکون آئے گی، آرام گاہ میں ممکن ہے کسی سکون آور شے کا اضافہ ہو جو دلی راحت کا سبب بنے۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
مریخ آپ کے ساتویں خانے میں الٹا ہونے والا ہے اور اس ہفتے عطارد سے خراب روشنی وصول کرے گا۔ اس وقت شریکِ بزنس اور زندگی کے ساتھ کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں اور تلخیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ اپنے خیالات، جذبات اور گفتگو پر قابو رکھیں ورنہ مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ پانچ اکتوبر ایک بہتر دن ہے، نیا رشتہ یا تعلق بن سکتا ہے۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
چار اکتوبر ایک بہتر دن ہے جو آپ کو عملی زندگی میں اہم فیصلوں میں آگے بڑھنے کی توانائی فراہم کرسکتا ہے۔ پانچ اکتوبر یعنی منگل کا دن ایک یقینی مالی فائدے کی سمت اشارہ کر رہا ہے۔ شمس و زہرہ آپ کے کیریئر کو ایک بہتر تبدیلی کے مواقع فراہم ہونے کی نشان دہی کررہا ہے۔ ایسے وقت میں والدین کے ساتھ اختلاف یا تلخی سے گریز کریں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ،
21 جنوری تا 19 فروری
چاند پانچ اور چھے اکتوبر کو طالع میں زحل سے قران کرنے جارہا ہے۔ یہ وقت بیرون ملک سے فائدہ ہوتا ہوا دکھارہا ہے۔ والد یا والد جیسے کسی بزرگ سے فائدہ ہوگا، بیرون ملک سے رشتے کی بھی امید کی جاسکتی ہے۔ پرانے وراثتی معاملے میں پڑی ہوئی گرہیں اس ہفتے کھلتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں جو کاغذات گم تھے ملنے کی امید ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ،
20 فروری تا 20 مارچ
چار اور پانچ اکتوبر بہت سعد دن ہوسکتے ہیں۔ مشتری آپ کے خانہ مال کو سرسبز کرسکتا ہے۔ شریکِ حیات یا عوامی تعلقات میں کچھ مسائل ہوسکتے ہیں۔ تھوڑا سا تحمل سے کام لیں اور الجھانے والی باتوں پر توجہ نہ دیں اور جو بھی اس ہفتے بدمزگیاں ہوں ایک کان سے سنیں دوسرے سے نکال دیں، یہی ان کا واحد حل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں