شرمین عبید چنائے ول استھ کی سائنس فکشن فلم کو ڈائریکٹ کریں گی

شرمین عبید چنائے نے پہلی میگا بجٹ ہالی وڈ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز ’مس مارول‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔


ویب ڈیسک October 01, 2022
فلم کو ول اسمتھ سمیت متعدد افراد پروڈیوس کریں گے، فوٹو: فائل

فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ 'آسکر' اور 'ایمی' ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے کے حوالے سے خبریں ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی پہلی سائنس فکشن ہالی وڈ فلم کی ہدایات دیتی دکھائی دیں گی۔

شرمین عبید چنائے نے پہلی میگا بجٹ ہالی وڈ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز 'مس مارول' کی ہدایات بھی دی تھیں۔

مغربی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ شرمین عبید چنائے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ول اسمتھ سمیت دیگر افراد کی جانب سے پروڈیوس کی جانے والی سائنس فکشن فلم 'بریلینس' کی ہدایات دیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 'بریلینس' کی کہانی مارکس سیکی کے اسی نام کے ناول سے ماخوذ ہے، جس کی فلمی کہانی اکیوا گولڈس مین لکھیں گے جو کہ فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہوں گے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مذکورہ فلم کو ول اسمتھ سمیت متعدد افراد پروڈیوس کریں گے اور اسے پیراماؤنٹ پکچر کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شرمین عبید چنائے اس وقت مذکورہ فلم کو پروڈیوس کرنے والی مختلف کمپنیوں سے بات چیت میں مصروف ہیں اور ممکنہ طور پر آئندہ چند ہفتوں میں معاملات طے پا جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں