بلوچستان یونیورسٹی کے طلبا کا ساتھیوں کی گرفتاری کیخلاف دھرنا

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 اکتوبر 2022
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

 کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی میں انٹری ٹیسٹ کا طریقہ کار تبدیل کرنے کیلیے احتجاج کرنے والے طلبا کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس پر طالب علموں نے سریاب روڈ پر دھرنا دے دیا۔

بلوچستان یونیورسٹی میں انٹری ٹیسٹ کے طریقۂ کار کے خلاف طلبا نے احتجاج کیا اور اسے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ جس پر انتظامیہ نے نفری کو طلب کرلیا۔

پولیس نے احتجاجی طلبا پر لاٹھی چارج کیا جس کے باعث کئی مظاہرین زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ اسی دوران 25 سے زائد طالب علموں کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا گیا۔

ساتھیوں کی گرفتاری اور لاٹھی چارج پر طلبا نے سریاب روڈ پر دھرنا دیا، جو آخری اطلاعات آنے تک جاری تھا۔ احتجاج کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانہ بھی متاثر ہوئی۔

طلبا نے الزام عائد کیا کہ وائس چانسلر اور ایس ایس پی کی ایما پر طلبا کو تشدد کا نشانہ بنایا، جن کے خلاف فوری کارروائی کر کے انہیں معطل کیا جائے۔

سریاب روڈ طلباء احتجاج کے باعث گزشتہ چار گھنٹوں سے بند بدترین ٹریفک جام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔