نابینا اسکیٹ بورڈر نے گینیز عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 2 اکتوبر 2022
(تصویر: انٹرنیٹ)

(تصویر: انٹرنیٹ)

رائل اوک: امریکا کے ایک نابینا اسکیٹ بورڈر نے 22 فٹ 5 انچ لمبی ریل پر 50-50 گرِنڈ کا کرتب دِکھا کر گینیز عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

امریکی ریاست مشیگن کے شہر رائل اوک سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ ڈینیئل مینسینا کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسکیٹ بورڈ چلانی13 سال کی عمر سے شروع کی تھی اور اسی برس ان میں ریٹِنینائیٹس پِگمینٹوسا کی تشخیص ہوئی۔

یہ کیفیت آنکھ کی پشت پر موجود ٹِشو کی حساس تہہ کو متاثر کرتی ہے جو اکثر مکمل طور پر بینائی سے محرومی کا سبب بنتی ہے۔

ڈینیئل کا کہنا تھا کہ شروع میں یہ کیفیت ہلکی رفتار سے آگے بڑھی لیکن بالآخر انہوں نے یہ بات مان لی کہ ان کی آنکھوں کی روشنی اس حد تک جا چکی ہے کہ وہ اسکیٹ بورڈنگ جاری نہیں رکھ سکتے۔

سالوں بعد ڈینیئل نے فیصلہ کیا کہ وہ اسکیٹ بورڈنگ کو ایک اور موقع دیں باوجود اس کے کہ ان کی ایک آنکھ میں معمولی سی روشنی تھی۔

گینیز آفیشلز سے بات کرتے ہوئے ڈینیئل کا کہنا تھا کہ وہ سب زیادہ انحصار اپنی سفید چھڑی پر کرتے ہیں تاکہ اسکیٹنگ کے دوران ماحول کو جانچ سکیں اور رکاوٹوں کو ڈھونڈ سکیں۔ ایک نابینا اسکیٹر ہونے کی وجہ سے وہ رکاوٹوں کو محسوس کرنے میں وقت لیتے ہیں تاکہ اسکیٹنگ شروع کرنے سے قبل ان رکاوٹوں کی اچھی سمجھ ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔