ایس ایس جی سی کا متبادل توانائی کے ذریعے صارفین کی ضرورت پوری کرنے کا اعلان

بزنس رپورٹر  اتوار 2 اکتوبر 2022
اس مقصد کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ذیلی ادارہ قائم کیا ہے۔ فوٹو: فائل

اس مقصد کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ذیلی ادارہ قائم کیا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی نے متبادل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے صارفین کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کا اعلان کر دیا۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے مستقل میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متبادل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے صارفین کی توانائی کی ضرورت پوری کرنے کا اعلان کر دیا ہے، اس مقصد کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک ذیلی ادارہ قائم کر دیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کے مطابق ایس ایس جی سی آلٹرنیٹ انرجی (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے نام سے مکمل طور پر اپنی ملکیت کے ایک ذیلی ادارے کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹر کرا دیا گیا ہے، بنیادی طور پر اس ذیلی ادارے کا کاروباری ماڈل متبادل توانائی کے منصوبوں کی تکمیل کرنا ہوگا۔

ان منصوبوں میں قابل تجدید یا ماحول دوست ایندھن، جیسے کہ بایوگیس/ بائیو میتھین، تھرمل انرجی سے بجلی کی پیداوار، کوئلے سے گیس کی پیداوار اور ہائیڈروجن کی پیداوار جیسے منصوبے شامل ہیں۔ یہ منصوبے مستقبل میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں درکار ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔