ٹی20 سیریز، رضوان اور بابر اعظم کھیلتے باقی منہ دیکھتے رہے

اسپورٹس ڈیسک  پير 3 اکتوبر 2022
حارث رؤف نے 8 وکٹیں اڑائیں، نواز کے 5، حسنین اور عثمان کے 4، 4 شکار ۔ فوٹو : اے ایف پی

حارث رؤف نے 8 وکٹیں اڑائیں، نواز کے 5، حسنین اور عثمان کے 4، 4 شکار ۔ فوٹو : اے ایف پی

 کراچی: انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں محمد رضوان اور بابراعظم کھیلتے اور باقی کھلاڑی منہ دیکھتے  رہے۔

انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں وکٹ کیپر بیٹر نے 6 میچز کھیلے، جس میں انھوں نے 63.20 کی اوسط اور 138.59 کے اسٹرائیک ریٹ 316 رنز بنائے، اس دوران 4 ففٹیز اسکور کیں۔

کپتان بابراعظم نے تمام ساتوں میچز میں حصہ لے کر 285 رنز اسکور کیے، اس میں ان کی ایک میچ میں ناقابل شکست 110 رنز کی اننگز بھی شامل ہے، ان کی اوسط 57 اور اسٹرائیک ریٹ 143.21 رہا۔

شان مسعود نے 31.20 کی ایوریج سے 156 رنز اسکور کیے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 131.09 رہا، افتخار احمد نے 99 رنز 24.75 کی اوسط سے بنائے، خوشدل شاہ نے 21 کی اوسط سے 64 رنز اسکور کیے۔

آصف علی نے 11.33 کی ایوریج سے 34 رنز اسکور کیے، حیدرعلی نے 4 میچز میں 9 کی معمولی اوسط سے فقط 36 رنز بنائے۔ بولرز میں حارث رؤف سب سے آگے رہے، انھوں نے انگلینڈ کے خلاف 6 میچز کھیلے اور 8 وکٹیں لیں۔ اس دوران ان کی ایوریج 23.62 جبکہ اکانومی ریٹ 7.87 رہا۔

محمد نواز کو تمام ساتوں میچز میں کھلایا گیا، جس میں انھوں نے 5 وکٹیں 38.60 کی اوسط سے حاصل کیں، اس دوران ان کا اکانومی ریٹ 8.39 رہا، محمد حسنین اور عثمان قادر نے 4، 4 وکٹیں لیں، اس دوران ان کی ایوریج بالترتیب 39.75 اور 31.25 رہی۔

شاداب خان نے 3 میچز میں اتنی ہی وکٹیں 32.66 کی اوسط سے حاصل کیں، ان کا اکانومی ریٹ 8.90 رہا۔ شاہنواز دھانی نے بھی 3 وکٹیں لیں تاہم ان کی ایوریج 56.66 اور اکانومی ریٹ 12.75 رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔