اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی؛ ملزمان دکانوں کے تالے توڑ کر نقدی اور موبائل فونز لے گئے

ویب ڈیسک  پير 3 اکتوبر 2022
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: اتحاد ٹاﺅن گلشن غازی میں نامعلوم ملزمان موبائل مارکیٹ کے چوکیدار کو یرغمال بنانے کے بعد 5 دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی اور بھاری مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دکانوں کے تالے توڑ کر بھاری مالیت کے موبائل فونز لوٹ کر لیجانے کا مقدمہ دکاندار سہیل کی مدعیت میں چار نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

اس حوالے سے دکاندار سہیل نے بتایا کہ پیر کی صبح چار بجے کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 مسلح ملزمان نے مارکیٹ کے چوکیدار زمان کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا،ملزمان نےچوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں اسے رسی سے باندھ دیا۔

دکاندار کا کہناتھا کہ ملزمان نے میری دکان کے ساتھ ساتھ جنید ، وہاب ،سلیم اور غلام احمد کی دکانوں کے بھی تالے توڑے اور مجموعی طور ملزمان نے 4 لاکھ 30 ہزار روپے نقد اور 4 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز لوٹے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان کے فرار ہونے کے بعد چوکیدار زمان کسی طرح رسی کھول کر میرے گھر آیا اور مجھے واردات کے بارے میں بتایا جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس نے چوکیدار زمان کو شامل تفتیش کرتے ہوئے بیان ریکارڈ کرلیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔