کراچی؛ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حافظ قرآن نوجوان اور 3 بچوں کا باپ جاں بحق

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 اکتوبر 2022
مقتول 22 سالہ اسامہ اور 35 سالہ زبیر کی یادگار تصاویر

مقتول 22 سالہ اسامہ اور 35 سالہ زبیر کی یادگار تصاویر

 کراچی: شہر بھر میں پولیس ناکوں کے باوجود ڈاکو راج میں ایک حافظ قرآن نوجوان مزاحمت کرنے پر زندگی کی بازی ہار گیا جب کہ واردات کے دوران 3 بچوں کا باپ بھی ڈکیتوں کی گولی کا نشانہ بن کر جاں بحق ہوگیا۔

شادمان ٹاؤن کے علاقے زین العابدین امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے کی گئی جسے سینے پر گولی لگی تھی۔ مقتول شادمان ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی نوجوان کے دوستوں اور اہل خانہ کی بڑی تعداد اسپتال پہنچی، جہاںرقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 22 سالہ اسامہ کے والد ایوب نے بتایا کہ ان کا بیٹا حافظ قرآن تھا جس نے حال ہی میں میٹرک کا امتحان پاس کیا تھا ۔ مقتول کی 2 روز قبل نئی موٹر سائیکل چھن گئی تھی اور وہ دوسری موٹر سائیکل خریدنے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ شادمان ٹاؤن میں کسی کے پاس آیا تھا کہ اس دوران ڈاکو آگئے ۔

دوسری جانب نیوکراچی ایوب گوٹھ سندھ کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا مقتول کی شناخت 35 سالہ زبیر ولد سمیع اللہ کے نام سے کی گئی جو 4 سال سے سندھ سکیورٹی میں بطور گارڈ ملازم تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق میر پور خاص سے تھا۔ مقتول زبیر ڈیوٹی ختم کر کے اپنے بیوی بچوں کو گھر لے جانے کے لیے جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ستمبر میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 16 افراد کو گولیاں مار کر زندگی سے محروم کر دیا جبکہ 50 سے زائد شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔