کراچی میں کم سن طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش پر اسکول پرنسپل گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 اکتوبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 کراچی: سرجانی ٹاؤن پولیس نے اسکول کی طالبہ کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے الزام میں اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں رہائش پذیر سید حسین عالم نے تھانے میں مقدمہ درج کروایا ہے کہ خدا کی بستی میں قائم نجی اسکول میں اس کی 2 بیٹیاں اور بیٹا زیر تعلیم ہیں اور اس کی بڑی بیٹی 13 سالہ (س) کچھ روز سے اسکول نہیں جا رہی تھی اور نہایت ڈری و سہمی ہوئی تھی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی نے والدہ کے پوچھنے پر بتایا کہ اسکول کے پرنسپل باسط نے ہوم ورک نہ کرنے پر نشہ آور چیز گھول کر پلائی اور اسکول کے عقب میں پلاٹ پر لے گیا جہاں دیگر افراد بھی موجود تھے جہاں انھوں نے مجھے انجیکشن بھی لگایا اور میرے ساتھ نازیبا حرکات کر رہے تھے کہ میں نے چیخنا اور شور مچانا شروع کر دیا جبکہ اسکول پرنسپل نے مجھے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو تمھاری چھوٹی بہن کو قتل کر دیں گے۔

سرجانی ٹاؤن پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایچ او ریاض بھٹو نے بتایا کہ واقعہ زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس نے مدعی مقدمہ کی شکایت پر اسکول پرنسپل باسط کو گرفتار کرلیا جبکہ طالبہ کا طبی معائنہ کروایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوجائے گی جبکہ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ زیادتی کی کوشش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔