روس نے کریمیا پر قبضہ کرکے یوکرین کو ہمیشہ کیلئے کھو دیا، سابق وزیراعظم جولیا تیمکو شنکو

اے ایف پی  ہفتہ 22 مارچ 2014
 عوام کو روس کی جانب سے مزاحمت کی صورت میں ہر وقت تیار رہنا چاہیئے، سابق یوکرینی وزیراعظم۔ فوٹو؛ فائل

عوام کو روس کی جانب سے مزاحمت کی صورت میں ہر وقت تیار رہنا چاہیئے، سابق یوکرینی وزیراعظم۔ فوٹو؛ فائل

کیف: یوکرین کی سابق وزیراعظم جولیا تیمو شنکو نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے جزیرہ نما کریمیا پر قبضہ کر کے یوکرین کو ہمیشہ کے لئے کھو دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں 3 سال جیل کی سزا کاٹنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹر ویو میں یوکرین کی سابق وزیراعظم جولیا تیمو شنکو کا کہنا تھا کہ عوام کو روس کی جانب سے مزاحمت کی صورت میں ہر وقت تیار رہنا چاہیئے، روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے کریمیا پر قیضہ کر کے یوکرین کو ہمیشہ کے لئے کھو دیا ہے، روسی صدر یوکرین کے سب سے بڑے دشمن ہیں، انھوں نے ہتھیاروں کے زور پر ہماری زمین پر قبضہ کیا۔

جولیا تیمو شنکو کا کہنا تھا کہ روس کے ایک لاکھ فوجی ماسک پہنے یوکرین کی سرحد پر تعینات ہیں اور روسی صدر کسی بھی وقت  ‘سرخ لائن’ کو عبور کر کے حملے کا حکم دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ولادمیر پیوٹن پہلے فاشسٹ لیڈر نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل بھی بہت سے آمروں نے اس قسم کا رویہ اپنایا لیکن سب ناکام ہوئے اور روسی صدر کو بھی منہ کی کھانی پڑے گی۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے گزشتہ اتوار کو یوکرین کے جزیرہ نما علاقے میں ہونے والے ریفرنڈم کے بعد کریمیا کو روس میں ضم کرنے کی قرارداد منظور کی تھی جسے امریکا اور دیگر مغربی ممالک نے یوکرین کی داخلی خود مختاری پر حملہ قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔