بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 5 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  بدھ 5 اکتوبر 2022
نوجوانوں کو ضلع شوپیاں اور پلوامہ میں شہید کیا گیا : فائل فوٹو

نوجوانوں کو ضلع شوپیاں اور پلوامہ میں شہید کیا گیا : فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 5 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں کے علاقے درچ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ شوپیاں کے ہی ایک اور علاقے ’’مولو‘‘ میں فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

پانچویں کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ ضلع پلوامہ میں پیش آیا جہاں ایک سیکیورٹی پوسٹ پر تعینات بھارتی فوج نے آصف احمد نامی نوجوان کو گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا۔ نوجوان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کرلیا۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ 28 ستمبر کو کلگام میں 3 اور 30 ستمبر کو بارہ مولا میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔