میڈیکل کالجز میں داخلے کیلیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 13 نومبر کو ہوگا

رضیہ خان  بدھ 5 اکتوبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: پاکستان میڈیکل کمیشن نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحانی شیڈول تیار کر لیا جس کے مطابق ملک بھر میں ایک ہی دن ایم ڈی کیٹ کا امتحان 13 نومبر کو منعقد ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میڈیکل کمیشن کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے 7 سے 27 ستمبر تک ہونے والے اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کے امتحانی شیڈول کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز میں ایم ڈی کیٹ کیلئے امتحانی مراکز قائم ہوں گے۔

بلوچستان کی بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور ڈاو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی میں ایم ڈی کیٹ کیلئے امتحانی مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں ایم ڈی کیٹ کیلئے امتحانی مرکز قائم ہو گا۔

ایم بی بی ایس میں داخلہ کیلئے امیدوار کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان میں 55 فیصد، بی ڈی ایس میں داخلہ کیلئے 45 فیصد نمبر لینا لازم ہوں گے۔ ایف ایس سی پری میڈیکل 60 فیصد نمبروں کے ساتھ پاس کرنے والے طلبہ ایم ڈی کیٹ امتحان دینے کیلئے اہل ہوں گے۔

ایم ڈی کیٹ امتحان کمپیوٹر کے بجائے پیپر شیٹ پر تحریری طور لیا جائے گا اور نتائج 13 نومبر کو پی ایم سی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں گے۔ ایم ڈی کیٹ امتحان لینے والی میڈیکل یونیورسٹیز ٹیسٹ کیلئے ٹیسٹنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی مجاز ہو گی۔

ایم ڈی کیٹ کیلئے دو عالمی امتحانی مراکز متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں قائم ہوں گے جبکہ ایسے ممالک جہاں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے رجسٹریشن کرانے والے طلبہ کی تعداد سو ہو گی وہاں امتحانی مرکز قائم ہو گا۔ غیرملکی اسٹوڈنٹس ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن اور امتحانی مرکز کی تبدیلی کیلئے 10 اکتوبر تک آن لائن درخواست دے سکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔