ڈرپوک کے بجائے ’’فربہ پلیئرز‘‘ کو کھلانے کا مشورہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 6 اکتوبر 2022
 ’ان فٹ‘ شرجیل خان اور اعظم خان کم سے کم بے خوف کرکٹ تو کھیلتے ہیں، سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

 ’ان فٹ‘ شرجیل خان اور اعظم خان کم سے کم بے خوف کرکٹ تو کھیلتے ہیں، سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان کو ڈرپوک کے بجائے ’’فربہ پلیئرز‘‘ کھلانے کامشورہ ملنے لگا۔

پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 7 میچز کی ہوم ٹی 20 سیریز میں 4-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، پوری سیریز میں مڈل آرڈر نے بہت زیادہ مایوس کیا، خاص طور پر خوشدل شاہ، آصف علی اور افتخار احمد وکٹ پر حاضری لگاتے ہوئے دکھائی دیے، وہ ایشیا کپ میں بھی بہتر پرفارم نہیں کرسکے تھے۔

سابق اسپنر سعید اجمل نے ان کی جگہ ’ان فٹ‘ قرار پانے والے اعظم اور شرجیل خان کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

یوٹیوب ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ نے ہمیں مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا، پاکستانی سائیڈ بالکل بچوں کی ٹیم لگ رہی تھی، کھلاڑی بے بس دکھائی دے رہے تھے، انگلینڈ نے ان بیچاروں کو بہت مارا، جس طرح سے انگلش ٹیم کھیل رہی تھی ہمیں بھی ویسے ہی کھیلنا چاہیے تھا، ہمارے کھلاڑیوں میں اتنا زیادہ خوف ہے کہ انھیں منتخب کیا جائے گا یا نہیں۔

سعید اجمل نے مزید کہا کہ جب آپ خوفزدہ ہوکر کھیلیں گے تو پھر ناکام ہی ہوں گے، بے خوف کرکٹ سے ہی کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے، ہمارے کھلاڑی ایک میچ میں اچھا کھیلیں تو باقی 10 میں ناکام ہوجاتے ہیں، معلوم نہیں وہ کس قسم کی ٹریننگ کررہے ہیں، ان سے اچھا ہے کہ ان فٹ فربہ پلیئرز کوکھلا لیں، شرجیل خان  اور اعظم خان کو کھلائیں، آپ نے ٹیم میں محمد حارث کو رکھ لیا ان سے 100 گنا بہتر اعظم خان ہیں، وہ بے خوف ہوکر کھیلتا اور کم سے کم ہٹنگ تو کرتا ہے، اسٹرائیک ریٹ تو ان کا بہت سے بلند ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے ہاتھوں آخری میچ میں شرمناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ پہنچ چکی ہے جہاں پر وہ بنگلہ دیش کے خلاف جمعے کو میچ سے ٹرائنگولر سیریز کا آغاز کرے گی، اس کی تیسری ٹیم کیویز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔