اپٹما کا سستی توانائی کا مطالبہ،ہفتے سے فیکٹریاں بند کرنیکا اعلان

این این آئی  جمعرات 6 اکتوبر 2022
حکومت مسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائے، عہدیداران اپٹما۔ فوٹو: فائل

حکومت مسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس کی فراہمی یقینی بنائے، عہدیداران اپٹما۔ فوٹو: فائل

کراچی: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(اپٹما)نے ملک بھر میں فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسوسی ایشن کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، ہفتے کے روز سے ملک بھر کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بند کردی جائے گی، 1600ٹیکسٹائل انڈسٹریز پہلے ہی بند ہوچکی ہیں، صنعتوں کی بندش سے 50لاکھ ملازمتوں بے روزگار ہوجائیں گے، اس احتجاجی بندش سے 3کروڑ افراد متاثرہوں گے۔

اپٹماکے ذمے داران کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بندش سے ملکی برآمدات کو بڑا دھچکا لگے گا، ملکی معیشت کے لیے برآمدات کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے، حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے توانائی کے مسابقتی نرخ واپس لے لیے ہیں، جنہیں بحال کیا جائے۔

اپٹما ذمے داروں نے مزید کہا کہ حکومت وعدے کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کومسابقتی نرخوں پر بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔