جج دھمکی کیس میں عمران خان کی عبوری درخواستِ ضمانت منظور

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اکتوبر 2022
عمران خان نے بابر اعوان کے ذریعے درخواست دائر کی تھی (فوٹو فائل)

عمران خان نے بابر اعوان کے ذریعے درخواست دائر کی تھی (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جج دھمکی کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پیش ہونے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سخت سکیورٹی میں عدالت پہنچے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ ہفتے ٹرائل میں عدم پیشی پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے، تاہم عمران خان کو ہائی کورٹ نے اتوار کے روز 7 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت دی تھی، جو کل ختم ہونی تھی، تاہم عمران خان نے عبوری درخواست ضمانت وکیل بابر اعوان کے ذریعے دائر کی، جس کی سماعت سیشن جج ویسٹ کامران بشارت مفتی نے کی۔

سماعت کے موقع پر عمران خان  کے وکیل بابر اعوان روسٹرم پر آ گئے اور درخواست ضمانت سے متعلق عدالت کو بتایا۔ عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت 13 اکتوبر تک منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اسلام آباد کچہری سے واپس روانہ ہو گئے۔ قبل ازیں پیشی کے سلسلے میں سیشن کورٹ میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف کا سکیورٹی عملہ بھی اسلام آباد کچہری پہنچ گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔