اذلان شاہ ہاکیکینیڈا دستبردار مصر نے جگہ بنالی
ٹارگٹ اگلے سال اولمپکس گیمز اور کوالیفائر افریقین گیمز ہیں، ہیڈکوچ مصر ہاکی ٹیم
ملائیشیا میں کھیلے جارہے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کینیڈا کی دستبرداری کے بعد مصر کو ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ایپو میں یکم سے دس نومبر تک کھیلا جارہا ہے، جس میں پاکستان، جاپان، ملائیشیا، کوریا، جنوبی افریقہ اور مصر ایکشن میں ہوں گی۔
مصر کی ٹیم کے ہیڈ کوچ پاکستان کے اولمپئن طاہر زمان ہیں جو ایف آئی ایچ اکیڈمی ٹرینر، ایف آئی ایچ سینئر کوچ، ایشین ہاکی فیڈریشن کے ہیڈ آف ایجوکیشن اور اے ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ مبمر ہیں۔
طاہر زمان نے پہلی بار مصر کی ٹیم کو اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں صلاحیتوں کا اظہار کا موقع ملنے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے طاہر زمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی درجہ بندی میں مصر کی رینکنگ 20 ویں ضرور ہے لیکن اس ایونٹ میں بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ اگلے سال اولمپکس گیمز اور کوالیفائر افریقین گیمز ہیں، اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے سے بہتر ٹیموں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کے ساتھ ہم یہ بھی جان سکیں گے کہ کن کن شعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے۔
اس ایونٹ میں شرکت سے لڑکوں کو انٹرنیشنل میچز کا تجربہ ملے گا، خاص طور پر جنوبی افریقہ کو ٹارگٹ کریں گے کہ اس کے خلاف ہماری کارکردگی کیسی رہتی ہے۔
افریقین گیمز میں ابھی وقت ہے، کوشش کریں گے کہ اس سے پہلے زیادہ سےزیادہ انٹرنیشنل میچز کھیل کر پرفارمنس کے گراف کو بہتر بنائیں۔