پختونخوا؛ حوالہ ہنڈی کیخلاف کارروائیاں، کروڑوں کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اکتوبر 2022
ایف آئی اے کی چھاپامار کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا (فوٹو فائل)

ایف آئی اے کی چھاپامار کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا (فوٹو فائل)

 پشاور: ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں  ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم بادشاہ نور اور محمد لطیف کو گرفتار کر لیاگیا، جن کے قبضے سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں، 3330 سعودی ریال اور 13 لاکھ 46 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

علاوہ ازیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف 206 چھاپا مار کارروائیاں کیں، جن میں 206 مقدمات درج کرکے 251 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپا مار کارروائیاں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور، کمپوزیٹ سرکل ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، مردان اور بنوں سرکل نے کیں۔

ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزمان کے زیر استعمال 12 دکانیں بھی سیل کی گئیں جب کہ چھاپوں کے دوران ایک لاکھ 49 ہزار 940 امریکی ڈالرز، 453 ملین روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے پختونخوا زون مجاہد اکبر خان نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔