کراچی؛ ناخلف بیٹے نے بوڑھی ماں اور بیوی کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اکتوبر 2022
ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا (فوٹو فائل)

ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا (فوٹو فائل)

 کراچی: منگھوپیرکے علاقے میں ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی بوڑھی ماں اوربیوی کو قتل کردیا۔ دہرے قتل کی واردات کے بعد ملزم موقع سے فرارہوگیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ ملزم دلاورکا ذہنی توازن درست نہیں  ہے اور وہ پہلے بھی ایک قتل کے الزام میں گرفتارہو کر سزا کاٹ چکا ہے۔واقعہاجتماع گاہ روڈ سلطان آباد کچی آبادی میں واقع مکان نمبراے 91 میں پیش آیا، جہاں قتل کی جانے والی خواتین کی شناخت 60 سالہ بخت بی بی ولد محمد خان اور35 سالہ گل بشریٰ زوجہ دلاور خان کے نام سے کی گئی۔ مقتول خواتین ساس اور بہو ہیں۔

ایس ایچ او منگھو پیرعتیق الرحمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا  ہے ۔ ملزم دلاور گزشتہ رمضان المبارک میں بھی قتل کی سزا مکمل کرنے کے بعد حیدر آباد جیل سے رہا ہوا تھا۔ اہل محلہ اور مقتول کے رشتے داروں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

پولیس کے مطابق واردات میں تیس بور پستول استعال ہوا ہے جب کہ جائے وقوع سے 2 خول بھی ملے ہیں، جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔