یہ انتخاب کا سال ہے اس میں سیاسی تقسیم کو ختم کرلیں، صدر مملکت

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اکتوبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیاسی تقسیم کی موجودگی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخاب کا سال ہے اس میں ہی سیاسی تقسیم کو ختم کرلیں۔  

مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ  سیاسی تقسیم ختم کرنے کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے جبکہ پاکستان میں صاف و شفاف انتخابات کی مانگ رہتی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہر الیکشن کو چیلنج کرنے سے پاکستان میں استحکام کیسے آئے گا؟  سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر بات چیت کرکے ایک دوسرے کو مطمین کریں، ضد کو چھوڑے بغیر پولرائزیشن ختم نہیں ہوتی۔

’معاشی ترقی کے لیے مستقل سیاسی استحکام ضروری ہے‘

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ مناسب ہے لیکن پاکستان میں مستقل سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کو کم کرنے کے لیے حکومت کو کوشش کرنی ہوگی، جیسے جیسے سولر انرجی کی طرف جائیں تو آئندہ چند برس میں یوٹیلیٹی بھی کم ہوجائے گی۔

’حکومت فصلوں کی انشورنس متعارف کرائے‘

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیلاب کے نقصان کو کم کرنے کے لیے ملک میں نئے ڈیم بنانے کی ضرورت ہے، افواج پاکستان نے سیلاب میں لوگوں کی مدد کی، سیلاب میں افواج پاکستان کا کردار لائق تحسین  ہے.

صدر مملکت نے مزید کہا کہ سیلاب سے فصلوں کو نقصان پہنچا اور 1500 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، حکومت فصلوں کی انشورنس متعارف کرائے۔

’سائبر پاور میں چھوٹے چھوٹے ملک پاکستان سے آگے ہیں‘

علاوہ ازیں انہوں  نے کہا کہ سائبر پاور میں چھوٹے چھوٹے ملک پاکستان سے آگے ہیں، دنیا کی جنگیں اب سائبر ورلڈ میں ہوں گی اس لیے دیکھنا ہوگا کہ اس میں ہماری تیاری کیا ہے۔

’ملک میں آن لائن ایجوکیشن کے فروغ کیلیے کیام کیا جانا چاہیے‘

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آن لائن ایجوکیشن کے فروغ کے لیے کام کیا جانا چاہیے، ملک میں 2 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، تعلیم کے فروغ کے لیے مساجد کا کردار اہم بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے اثرات پاکستان پر پڑ رہے ہیں، گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا ایک فیصد بھی حصہ نہیں ہے، دنیا کو پاکستان کے سیلاب سے متعلق احساس ہے، این ڈی ایم اے، پاکستان ریڈ کراس، بوائر اینڈ گرلز اسکاؤٹس کو تیار ہونا چاہیے۔

’میڈیا کی آزادی جمہوریت کی آزادی  کیلیے بہت ضروری ہے‘

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میڈیا کی آزادی جمہوریت کی آزادی کے لیے بہت ضروری ہے، سوشل میڈیا بند کرنے سے مالی نقصان ہوتا ہے، فیک نیوز سے دنیا پریشان ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔