عمران خان کی سی سی پی او لاہور کو تبادلے کے باوجود کام جاری رکھنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سی سی پی او لاہور سے ملاقات کے دوران گرین ٹاؤن درج مقدمے پر ویل ڈن کہا اور مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی گرفتاری سے متعلق گفتگو کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور سی سی پی او لاہور کی ملاقات ہوئی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، سی سی پی او چئیر مین عمران خان سے ملاقات کے لئے بدھ کی رات پہنچے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران 25 مئی کے واقعہ پر پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج نہ کرنے، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کی گرفتاری پر گفتگو ہوئی۔

عمران خان نے ملاقات کے دوران سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو گرین ٹاؤن درج مقدمے پر ویل ڈن کہا اور نو منتخب ایم پی اے اسد کھوکھر کو بھی گرفتار نہ کرنے پر پوچھ گچھ کی، اس دوران ایک وزیر نے عمران خان کو بتایا کہ اسد کی گرفتاری کی تیاری تھی لیکن وہ باہر چلے گئے، پولیس نے اسد کھوکھر کے گھر اور دفاتر پر چھاپے مارے لیکن وہ پہلے ہی ملک سے نکل چکے تھے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر لاہور سے واحد ایم پی اے اسد کھوکھر ہی کامیاب ہوے تھے۔

سابق وزیراعظم نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو تبادلے کے باوجود کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جب تک چاہیں گے آپ سے کام لیں گے۔
خیال رہے کہ ملاقات میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس فیصل شاہکار کو نہیں بلایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔