چار افراد نے توہین مذہب کے نام پر میرے قتل کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اکتوبر 2022
قتل کے بعد کہا جائیگا کہ یہ کام کسی مذہبی جنونی نے کیا کہ عمران خان نے توہین مذہب کی تھی،میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب (فوٹو : فائل)

قتل کے بعد کہا جائیگا کہ یہ کام کسی مذہبی جنونی نے کیا کہ عمران خان نے توہین مذہب کی تھی،میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب (فوٹو : فائل)

میانوالی: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بند کمرے میں بیٹھے چار افراد نے میرے قتل کا فیصلہ کیا ہے جن کے نام ایک ٹیپ میں بتادیے ہیں، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

میانوالی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرنے لگا ہوں، تمہارے پاس جیلوں میں ساٹھ سے ستر ہزار افراد کی گنجائش ہے اور یہاں لاکھوں افراد جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں چار افراد بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے مجھے مروانے کا فیصلہ کیا ہے اور میرے قتل کے بعد کہیں گے کہ یہ توہین مذہب کے نام پر قتل ہوا، یہ قتل کسی مذہبی جنونی نے کیا کہ عمران خان نے توہین مذہب کی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنی ایک ویڈیو تیار کرکے رکھی ہوئی ہے، جس وقت مجھے کچھ ہوا تو وہ ٹیپ منظر عام پر آجائے گی اور ان چار افراد کے نام ساری قوم کے سامنے آئیں گے جنہوں ںے بند کمرے میں بیٹھ کر میرے قتل کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ میں آخرت کو ماننے والا ہوں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے خلاف رانا ثنا اللہ جو تیاری کررہے ہیں ہماری تیاری ان سے بہتر ہے، ن لیگ نے جعلی آڈیو بنائی ہیں ان کے پیچھے مریم نواز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔