عمران خان نے جھوٹ بول بول کر ہمیں تھکا دیا مگر خود نہیں تھکا، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعـء 7 اکتوبر 2022
عمران خان کے مطابق ہارس ٹریڈنگ شرک نہیں ثواب ہے، وفاقی وزیر اطلاعات (فوٹو فائل)

عمران خان کے مطابق ہارس ٹریڈنگ شرک نہیں ثواب ہے، وفاقی وزیر اطلاعات (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کرکے عمران خان نے بقول خود شرک کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی چال ہے کہ جتنا جھوٹ بولو اتنا سچ لگنے لگے گا، جھوٹ بول بول کر اس نے ہمیں تھکا دیا مگر وہ نہیں تھکا، عمران خان سمجھتا ہے کہ جو لوگ ان کی بات سنتے ہیں وہ سب بے وقوف ہیں، یہ لوگوں کو اپنے جھوٹ سے بے وقوف بناتا ہے، یہ اپنی چالیں چل کر لوگوں کو بے وقوف بناتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ عمران خان نے 2018ءمیں اقتدار میں آنے کے لئے آر ٹی ایس کو بٹھا کر ہارس ٹریڈنگ کی، عمران خان نے یہ کہہ کر کہ پورا پاکستان کرپٹ ہے، پورے ملک کو دنیا میں رسوا کیا، جب ان کے اقتدار کی کرسی ہلی تو انہوں نے پوری دنیا میں پیغام دیا کہ 22 کروڑ عوام کا ملک ایٹمی طاقت غلام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص کے اندر کوئی شرم نہیں، اسے احساس نہیں کہ اس کے منہ سے نکلا ہوا لفظ ملکی مفاد، قومی سلامتی اور دنیا میں ملک کی عزت کو مجروح کرتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو کسی سے کوئی سروکار نہیں، اس کی ہوس اپنی اناءسے شروع ہوتی اور اقتدار پر ختم ہوتی ہے، فارن ایجنٹ کے مقاصد کچھ اور تھے، ان کا ایجنڈا نامکمل ہے، ان کا مقصد ملک کو چار حصوں میں تقسیم کرنا اور ملک کا دیوالیہ کرنا تھا، یہ ملک کو سری لنکا بنانا چاہتے تھے، یہ اپنے ہدف کے قریب پہنچ چکے تھے لیکن ان کا ایجنڈا نامکمل رہا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ عمران خان سے اقتدار گیا تو ان کی ملک کے ساتھ دشمنی شروع ہو گئی، عمران خان نے 2018ءکے الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی، سینیٹ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اپنی پارٹی کے الیکشنوں میں بھی خریدوفروخت کی، عمران خان کو جب تحریک عدم اعتماد کا پتہ چلا تو کہا کہ میں نے پانچ ایم این ایز خرید لئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مطابق ہارس ٹریڈنگ شرک نہیں ثواب ہے، عمران خان صاحب کہتے تھے کہ جو ہارس ٹریڈنگ کرتا ہے شرک کرتا ہے، آج کی آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ بقول عمران خان صاحب کے شرک ہوا ہے اور وہ شرک عمران خان نے خود کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان نے بند کمرے میں کہا کہ سائفر کے ساتھ کھیلنا ہے، کمرے سے باہر کہا کہ بیرونی سازش ہو گئی ہے، بند کمرے میں کہا کہ پانچ ایم این اے خرید لئے ہیں اور باہر کہتے ہیں کہ ہارس ٹریڈنگ شرک ہے، یہ ان لوگوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے جو عمران خان کی بات سنتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔