مجسٹریٹ کا تھانہ سائٹ بی پر چھاپہ، مغوی ڈرائیور بازیاب

اسٹاف رپورٹر  اتوار 23 مارچ 2014
مغوی کے خلاف روز نامچہ میں انٹری تھی اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج تھی،ایس ایچ او ریکارڈ سمیت عدالت طلب۔ فوٹو: فائل

مغوی کے خلاف روز نامچہ میں انٹری تھی اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج تھی،ایس ایچ او ریکارڈ سمیت عدالت طلب۔ فوٹو: فائل

کراچی: سیشن جج کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری نے تھانہ سائٹ بی میں چھاپہ مار کر دو روز سے محبوس آئل ٹینکر کے ڈرائیور مغوی غلام حسین کو باز یاب کرکے رہا کردیا۔

ایس ایچ او کو سیشن جج کے روبرو تمام ریکارڈ کے ہمراہ پیر کو طلب کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی غلام مصطفی میمن نے خدانظر کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کو مذکورہ تھانے میں چھاپہ مارنے اور مغوی کی بازیابی کا حکم دیا تھا، سیشن جج کے حکم پر فاضل جج نے تھانہ سائٹ بی میں چھاپہ مارا اس موقع پر مغوی غلام حسین کو حوالات سے بازیاب کرکے ذاتی مچلکے پر رہا کردیا گیا، تھانے کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو مغوی کے خلاف روز نامچہ میں انٹری تھی اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج تھی۔

فاضل جج نے فوری طور تمام ریکارڈ سیل کرکے ایس ایچ او کو سیشن جج غربی کی عدالت میں پیر کو پیش ہونے کا حکم دیا، قبل ازیں درخواست گزار نے وکیل مشتاق جہانگیری کے ذریعے ضابطہ فوجداری کی ایکٹ491کے تحت حبس بے جس کی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے آئل ٹنکر اور ڈرائیور کو تھانہ سائٹ بی نے غیرقانونی حراست میں لیا اور آئل ٹینکر سمیت اسے تھانے میں بند کردیا اس کی رہائی کے لیے آئل ٹینکر کے مالک سے بھاری رقم کا تقاضہ کیا ہے، درخواست میں مغوی کی بازیابی کی استدعا کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔