مجھ سے انتقام لینے کیلیے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا گیا نواز شریف

ہمیں طشتری میں رکھ کر 5 ارب ڈالر پیش کیے جا رہے تھے مگر ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ دیا، سابق وزیراعظم


ویب ڈیسک October 09, 2022
ہمیں طشتری میں رکھ کر 5 ارب ڈالر پیش کیے جارہے تھے مگر ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ دیا، سابق وزیراعظم (فوٹو: ایکسپریس نیوز)

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نا اہل کیا گیا، یہ انتقام لیا گیا ہے اور مجھ سے انتقام لینے کے لیے پاکستان بھٹہ بٹھا دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھ سے انتقام لینے کے لیے پاکستان بھٹہ بٹھا دیا گیا ہے، عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوئی، میرے دور میں عوام خوش اور مطمئن تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک سے دہشتگردی ختم کی اور ملک کو پرامن بنایا، ہم نے معاشی و دفاعی لحاظ سے ملک کو مضبوط کیا اور ایٹمی طاقت بنایا، ایٹمی طاقت نہ بننے کے لیے ہمیں طشتری میں رکھ کر 5 ارب ڈالر پیش کیے جارہے تھے مگر ہم نے کہا ایبسولیوٹلی ناٹ کہہ دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے آتے ہی ملک کی معیشت تباہ و برباد کر دی، ایبسولیوٹلی ناٹ کا لفظ استعمال کرنے والے کو بتانا چاہتا ہوں کہ اصل ایبسولیوٹلی ناٹ تو ہم نے کہا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب ہم سیرت نبوی اور اصحاب کے نقشے پر چلیں گے تب ہی ریاست مدینہ بنے گی، انصار مدینہ نے مہاجرین کے ساتھ دکھ درر بھی بانٹے۔

مریم نواز سے متعلق انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا بڑا شکر ہے آج مریم میرے ساتھ بیٹھی ہیں، ایک بہادر بیٹی کی طرح انہوں نے باپ کا ساتھ دیا، مجھے مریم پر فخر ہے۔

نواز شریف نے والدہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ مجھ سے خصوصی پیار کرتی تھیں، پنڈی جیل میں ہفتے میں ایک مرتبہ آ کر ملتیں تو کہتیں میں نے تمہارے بغیر واپس نہیں جانا لیکن ان کو تسلی دیتا کہ ایسا نہیں ہو سکتا تو کہتیں پھر مجھے بھی ادھر ہی رکھ لو۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ہمیشہ گلا رہا کہ آپ سے امی زیادہ پیار کرتی ہیں، جب والدہ نے جان دی تو میرے ہاتھوں میں تھیں، میں سرہانے بیٹھا ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں