لڑکے کو اغوا اور قتل کے مجرموں کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

کورٹ رپورٹر  پير 10 اکتوبر 2022
عبدالمجید اور محمد احسن نے 15 سالہ عبد المنیر کو تاوان کیلیے اغواء کرکے قتل کردیا تھا

عبدالمجید اور محمد احسن نے 15 سالہ عبد المنیر کو تاوان کیلیے اغواء کرکے قتل کردیا تھا

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے 15 سالہ لڑکے کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں سزائے موت کیخلاف ملزمان کی اپیل جزوی منظور کرتے ہوئے پھانسی کی سزا عمر قید میں تبدیل کردی۔

ہائیکورٹ نے 15 سالہ لڑکے کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں سزائے موت کیخلاف ملزمان کی اپیل پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سزائے موت کیخلاف ملزمان کی اپیل جزوی منظور کرتے ہوئے پھانسی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان قاری عبد المجید اور قاری محمد احسن کو ماتحت عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ ملزمان نے 2016 میں بریگیڈ تھانے کی حدود سے 15 سالہ عبد المنیر کو تاوان کیلیے اغواء کیا۔ عبد المنیر اعتکاف کی نیت سے غوثیہ قادریہ مسجد خدا داد کالونی کیلئے گھر سے نکلا تھا۔

2 جولائی کو ملزمان عسکری پارک کے قریب تاوان وصول کرنے آئے تو گرفتار ہوئے۔ ملزمان تاوان وصول کرنے سے پہلے ہی مغوی کو قتل کرچکے تھے۔ مغوی کو 30 جون کو ہی قتل کرکے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے گئے تھے۔ سر نیٹی جیٹی کے مقام پر سمندر میں جبکہ جسم کے ٹکڑے دیگر مقامات پر پھینکے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔