میامی ٹینس،جیلینا اور وبریٹا کے قدم ابتدا میں ڈگمگا گئے

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 23 مارچ 2014
سربین اسٹار اور اطالوی کھلاڑی پہلی آزمائش میں ہی ناکام، ایوگینے بوچارڈ کو الینا سویٹولینا نے ٹھکانے لگادیا۔
  فوٹو: فائل

سربین اسٹار اور اطالوی کھلاڑی پہلی آزمائش میں ہی ناکام، ایوگینے بوچارڈ کو الینا سویٹولینا نے ٹھکانے لگادیا۔ فوٹو: فائل

میامی:  میامی ماسٹرزٹینس میں جیلینا جینکووچ اور روبریٹا ونسی کے قدم ابتدا ہی میں ڈگمگاگئے۔

دونوں سیڈنگ پلیئرز ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہرہوگئیں، کینیڈا کی جواں سال ایوگینے بوچارڈ کا قصہ بھی یوکرینی الینا سویٹولینا کے ہاتھوں تمام ہوگیا، سیکنڈ سیڈ چینی اسٹار لینا کو روسی پلیئر الیسا کیلی بونووا کیخلاف ملنے والے واک اوور نے تیسرے رائونڈ میں پہنچادیا، مینز سنگلز میں نووک جوکووک ، راجرفیڈرر، رچرڈ گیسکوئٹ اور ڈیوڈ فیرر نے دوسرے رائونڈ میں اپنے سفر کا کامیاب آغاز کرکے تیسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق میامی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز میں دو سیڈنگ پلیئرز جیلینا جینکووچ اور روبریٹا ونسی کا ابتدائی میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہرہوگئیں، مینز اور ویمنز سنگلز میں تمام 32 سیڈنگ پلیئرز کو ابتدائی رائونڈ میں بائی دی گئی تھی،7 سیڈ سربیا کی جیلینا جینکووچ کو امریکی پلیئر وارویرا لیپچنکو نے 6-3،2-6 اور7-6(7/2) سے ہرادیا۔

اسی طرح 13سیڈ اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی پر جمہوریہ چیک کی باربورا زالووا اسٹریکووا نے غلبہ پالیا، ان کی فتح کا اسکور 6-4،2-6اور7-5 رہا،سیکنڈ سیڈ چینی اسٹار لینا کو روسی کھلاڑی الیسا کیلی بونووا کیخلاف واک اوور مل گیا، وہ وائرل انفیکشن کے سبب میچ کھیلنے کیلیے میدان میں نہیں اترسکیں، کینیڈا کی جواں سال ایوگینے بوچارڈ کو یوکرینی پلیئر الینا سویٹولینا نے 1-6،6-1 اور6-2 سے ہرادیا، 10 سیڈ ڈومنیکا سبولکووا نے آسٹرین یووینی میوسبرگر کو 6-1 اور6-2 سے مات دے دی۔

روسی اسٹار الینا ویسنینا نے امریکی حریف الیسون ریسکی کو 6-2 اور6-2 سے قابو کرلیا، کروشیا کے ایلجا ٹومی لینووک نے اسپینش کھلاڑی گاربین مگروزا کو 3-6،7-6(8/6) اور6-1 سے زیر کرلیا۔امریکی کھلاڑی وینس ولیمز نے سلواکین حریف اینا شیمی ڈلوواکو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3،6-3سے ہرادیا ،مینز سنگلز میں سربیا کے سیکنڈ سیڈ نووک جوکووک نے فرنچ حریف جیریمی شارڈے کو 6-4 اور6-3 سے ٹھکانے لگاکر تیسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی، فورتھ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے روسی کھلاڑی تیموریز گاباشیلوی کو 6-4 اور6-0 سے جبکہ راجرفیڈرر نے کروشین حریف ایوا کارلووک کو 6-4،7-6(7/4) سے ہرادیا، 9 سیڈ فرنچ پلیئر رچرڈ گیسکوئٹ نے کولمبیا کے الیجاندرو گونزالیز کو7-6(9/7)،6-4 سے زیر کرلیا، کیون اینڈرسن نے ارجنٹائن کے ہوراسیو زیبالوس کو6-4 اور6-3 سے مات دی، فلورین میئر نے ایوان ڈوڈگ کو 6-3 اور6-2 سے اور ٹومی روبریڈو نے آسٹریا کے ڈومنیک تھیم کو 6-4،7-6(10/8) سے ہرادیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔