گمشدہ بلی نو سال بعد مالکن کو مل گئی
کیلیفورنیا کے شہر سے گم ہونے والی بِلی 1650 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر دوسری ریاست سے ملی
امریکا میں ایک خاتون کو ان کی گمشدہ بلی نو سال بعد مل گئی۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کلووِس سے تعلق رکھنے والی خاتون سوزین مُور اس وقت حیران رہ گئیں جب انہیں ریاست آئیڈاہو سے ان کی کھوئی ہوئی بلی کے متعلق کال موصول ہوئی۔
سوزین کا کہنا تھا کہ نو سال قبل کھونے والی بلی کے معتلق ان کا اور ان کے شوہر کا خیال تھا کہ اس کو کسی بھیڑے نے مار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلی کی گمشدگی سے وہ بہت پریشان ہوگئیں تھیں۔ لیکن آئیڈاہو کے شہر ہیڈن سے 19 ستمبر کو موصول ہونے والی فون کال نے انہیں حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔
کال کرنے والے کا کہنا تھا کہ ہیریئٹ(بلی کا نام) ہیڈن شہر کی گلیوں میں بھٹکتی پائی گئی۔ بلی میں لگی مائیکروچِپ سے سوزین کے رابطے کی معلومات ملیں۔
سوزین کا کہنا تھا کہ کاش بلی بات کرسکتی ہوتی، انہیں یہ جاننا ہے کہ بلی آئیڈاہو پہنچی کیسے۔