پرائمری اساتذہ کے مطالبات منظور؛ پشاور کے تمام اسکولوں میں تدریسی عمل بحال

ویب ڈیسک  منگل 11 اکتوبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

پشاور میں پرائمری اسکول ٹیچرز سے کامیاب مذاکرات کے بعد پرائمری اسکولز پانچ دن کی مسلسل بندش کے بعد معمول کے مطابق کھل گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں پرائمری اسکولز کے اساتذہ کی جانب سے گریڈ (پروموشن) میں اضافے کیلئے دیا دھرنا احتجاجی دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا اور تمام پرائمری اسکولز کھل گئے۔

پرائمری اساتزہ کے 6 اکتوبر کے دھرنا دینے پر تمام مردانہ پرائمری سکولز بھی احتجاج کے طور پر بند کے گئے تھے جن میں گزشتہ رات صوبائی حکومت اور اساتذہ کے مابین 3 گھنٹے تک جاری مذاکرات کے بعد تدریسی عمل شروع ہوگیا۔

صوبائی حکومت نے اساتذہ کے مطالبات کو اصولی طور پر تسلیم کرلیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ پرائمری اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سفارشات ایک ماہ میں کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔

پرائمری اساتذہ کے صوبائی صدر عزیز اللہ کا صوبائی حکومت سے تحریری طور پر معاہدہ کرنے کا مطالبہ منظور ہوگیا اور آج صوبائی صدر اور دیگر عہدیدار محکمہ تعلیم کی طرف سے تحریری معاہدہ وصول کریں گے۔

واضح رہے کہ اساتذہ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پرائمری اساتذہ کی بنیادی بھرتی 12 سے 15 گریڈ میں کی جائے اور ہیڈ ماسٹر کی تعلیم ماسٹر ڈگری یا پی ایچ ڈی ہے تو اسے 17 گریڈ دیا جائے۔

اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ 12 اور 14 اسکیل جتنے بھی پرائمری اساتذہ ہیں انھیں 15 اور سینئر کو 16 گریڈ میں ترقی دی جائے اور حالیہ جو پنشن اصلاحات ہیں واپس لئے جائیں کیونکہ وہ اصلاحات ملازم کش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔