بھارت نے ڈھائی ہزار افغان طلبا کے ویزے منسوخ کر دیے

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 20 اکتوبر 2022
طلبا نے واجبات ادا کردیے،جامعات نے رابطہ منقطع کر دیا،دوستی کے دعوے بے نقاب۔ فوٹو: سوشل میڈیا

طلبا نے واجبات ادا کردیے،جامعات نے رابطہ منقطع کر دیا،دوستی کے دعوے بے نقاب۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 اسلام آباد:  نریندر مودی حکومت نے بھارتی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے افغان طلبا کے ویزے منسوخ کردیے، بھارت کے اس عمل سے افغان عوام کے لیے بھارتی بے حسی کھل کر سامنے آ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت 73  بھارتی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے 14 ہزار افغان طلبا میں سے ڈھائی ہزارکو بھارت واپس جانے سے روک دیا گیا۔

افغان طلبا نے یونیورسٹیوں کے واجبات بھی ادا کردیے ہیں، لیکن ان یونیورسٹیوں نے اپنے افغان طلبا سے رابطہ منقطع کر دیا ہے،ویزا منسوخی کے بھارتی فیصلے نے افغان عوام کے خلاف بھارت کے نام نہاد دوستانہ اقدامات کے دعوؤں کو بے نقاب کر دیا۔

بھارت میں افغانستان کے سفیر فرید ماموندزے نے بھی نئی دہلی کے تحفظات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی افغان شہری نے کبھی کسی دوسرے ملک میں کوئی دہشت گرد حملہ نہیں کیا، اس لیے سیکیورٹی کی بنیاد پر ان طلبا پر غیر ضروری طور پر شک نہیں کیا جانا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔