تھری وفورجی آنے سے لاکھوں نوجوانوں کوروزگارملے گا،انوشہ رحمن

نمائندہ ایکسپریس  پير 24 مارچ 2014
xاسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ٹیکنالوجی پارک تعمیرکیے جائیں گے، وزیر مملکت آئی ٹی  فوٹو: فائل

xاسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ٹیکنالوجی پارک تعمیرکیے جائیں گے، وزیر مملکت آئی ٹی فوٹو: فائل

اسلام آ باد: وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی میں ترقی کے حوالے سے ایک نئے عہد میں داخل ہورہا ہے۔

وہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مختلف منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں، وفاقی سیکریٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ، ایڈیشنل سیکریٹری عظمت علی رانجھا اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمن نے کہاکہ آئی ٹی شعبے کی ترویج حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورحکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن کاوش کر رہی ہے تاکہ پاکستانی عوام جدید تکنیکی سہولتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں، ملک میں تھری جی اور فور جی کی آمد سے یقینی طور پر معاشی ترقی کے ساتھ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھلیں گے۔ وزیر مملکت نے نوجوان طبقے پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے تفریحی مقاصد کے ساتھ اس کے بامقصد استعمال کو بھی پیش نظر رکھیں، ڈیٹا بیس اور سافٹ ویئر بنانے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بے حد معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ای گورننس سسٹم کا آغاز کرنے جا رہی ہے، ای آفس سسٹم کا منصوبہ وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور ان سے منسلک اداروں میں بیک وقت نافذ کیا جا رہا ہے ۔

تاکہ کم سے کم وقت میں جدید ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کی مدد سے سرکاری دفاتر کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے اور اس ای آفس نظام کے ذریعے تمام وفاقی وزارتیں آپس میں باہم مربوط ہوسکیں، ای آفس نظام سے کاغذ پر انحصارکم ہو جائے گا اور کارکردگی بھی بہت بہتر ہوجائے گی، شفافیت، مستعدی اس نظام کے اہم عناصر ہونگے، اس کا بنیادی مقصد عوام کو کم وقت میں بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر500 یونیورسل ٹیلی سینٹرز پاکستان کے دور دراز دیہی علاقوں میں تعمیر کیے جارہے ہیں، ان ٹیلی سینٹرز کا مقصد پاکستان کے دیہی علاقوں کے لوگوں کو ٹیکنالوجی کی جدیدسہولتیں فراہم کرنا ہے، ان ٹیلی سینٹرز کے ذریعے غریب طبقے کو بچوں کی پیدائش کے اندراج، ای کامرس، ای ہیلتھ، ای نرسنگ، شناختی کارڈز اور موبائل سمز کی تصدیق بذریعہ نادرا کرانے جیسی خدمات آن لائن فراہم کی جاسکیں گی، اس منصوبے کے ذریعے بھی بہت سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور پاکستان کے دور دراز علاقوں کے رہائشی جدید تکنیکی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں گے۔ وزیر مملکت نے ٹیکنالوجی پارکس کی تعمیر کے حوالے سے بتایا کہ حکومت آئی ٹی کمپنیوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے 3 بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ٹیکنالوجی پارک تعمیر کرنے جارہی ہے اور یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ یہ ٹیکنالوجی پارکس بین الاقوامی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے تعمیر کیے جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔