ودیا بالن آؤٹ کنگنارناوت’’درگا رانی سنگھ‘‘ کی ہیروئن بن گئیں

شوبز ڈیسک  منگل 25 مارچ 2014
اپنی عمر سے بڑی خاتون کا کردار بڑے چیلنج سے کم نہیں،بہتر پرفارمنس کے لیے14 سالہ بچی کی والدہ سے رہنمائی حاصل کررہی ہوں، کنگنا ۔ فوٹو : فائل

اپنی عمر سے بڑی خاتون کا کردار بڑے چیلنج سے کم نہیں،بہتر پرفارمنس کے لیے14 سالہ بچی کی والدہ سے رہنمائی حاصل کررہی ہوں، کنگنا ۔ فوٹو : فائل

ممبئ: ہدایتکار سوجے گھوش نے ودیا بالن کی جگہ کنگنا رناوت کو فلم ’’درگا رانی سنگھ‘‘ میں کاسٹ کر لیا۔

کنگنا رناوت جو غیر روایتی کرداروں میں اپنی عمدہ پرفارمنس دکھانے کے سلسلہ میں شہرت رکھتی ہیں اوراب تک اپنی ہی عمر سے تعلق رکھنے والے کرداروں پر پرفارم کرچکی ہیں جب کہ انھیں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’’کوئین‘‘ سے انڈسٹری میں ہدایتکاروں اور فلمسازوں کی مزید توجہ حاصل ہوگئی ہے کے لیے سوجے گھوش کی فلم ’’درگا رانی سنگھ‘‘ کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگی کیونکہ وہ اس میں 35 سالہ خاتون کے کردار پر اپنی پرفارمنس دکھائیں گی جس کی ایک 14 سالہ بیٹی بھی ہے اور یہ پہلی فلم ہوگی جس میں کنگنا رناوت ایک سمجھدار خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔ اطلاعات کے مطابق کنگنا رناوت جن کی اپنی عمر ابھی بہت کم ہے کو فلم میں 35برس کا دکھانے کے لیے میک اپ کا سہارا لیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں اداکارہ کا کہنا ہے کہ میری عمر اس وقت 27 برس ہے اور یہ پہلی فلم ہے جس میں مجھے 35 سال کی ایک ایسی ماں نظر آناہے ۔

جس کی ایک 14 برس کی بیٹی بھی ہے اور اس کردار کو ادا کرنا میرے لیے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ اداکارہ نے مزیدکہا کہ اس کردار پر درست طریقے سے پرفارم کرنے کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے اور مجھے اپنی باڈی لینگوئج کو ایسا بنانا پڑے گا کہ میں ایک ماں ہی نظر آؤں اس کے لیے مجھے نہ صرف میک اپ کا سہارا لینا پڑے گا بلکہ کئی جگہوں پر عارضی طور پرکاسمیٹکس سرجری بھی کروانا ہوگی جب کہ میں ان دنوں ایک ایسی خاتون سے بھی ملاقات کر رہی جس کی عمر 35 برس کے لگ بھگ ہے اور اس کی ایک چودہ سالہ بیٹی بھی ہے۔ میں اس سے مل کر اپنی بیٹی کے متعلق احساسات اور جذبات محسوس کرنا اور دیکھنا چاہتی ہوں تاکہ میں انھیں کی مدد سے اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھر سکوں۔ دوسری طرف اطلاعات کے مطابق کنگنا رناوت کی فلم ’’ریوالور رانی‘‘ کی پوسٹ پروڈکشن ان دنوں تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

سائی کبیر کی ہدایتکاری میں بنائی گئی فلم میں کنگنا رناوت کے ساتھ ویرداس پایوش مشرا، ذاکر حسین اور پنکج سراسوات مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں کمد مشرا، سید ذیشان قادری، پریتی سود، سلیم جاوید، جمی جعفری، ظفر خان، راہول گاندھی، ابھجیت شیٹی، پاتھے، ڈیانا اوپل نیکوج مالک اور سنجے سنگھ شامل ہیں۔ فلم ’’ریوالر رانی‘‘ 25 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ اپنی اس فلم کے متعلق اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’’ریوالور رانی‘‘ میں الکا سنگھ کا کردار میرے لیے بہت مشکل تھا اور وہ تمام اسلحہ جو اس فلم میں دکھایا جا رہا ہے کے ناموں کے متعلق مجھے کوئی خاص علم نہیں تھا اس کے باوجود میں نے سائی کبیر کی ہدایتکاری میں اپنے کیریئر کی بہترین پرفارمنس دکھانے کی کوشش کی ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ فلم بھی میری اس سے پہلے آنے والی فلموں کی طرح کامیاب اور مزید ترقی کے راستے کھولے گی۔

ادھر اداکارہ کی فلم ’’انگلی‘‘ جس کے پروڈیوسر کرن جوہر ہیں کو بھی اسی برس ریلیز کیے جانے کا پروگرام ہے۔ اس فلم میں کنگنا رناوت اداکار عمران ہاشمی اور سنجے دت کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ دریں اثنا کنگنا رناوت کی ایک اور فلم ’’آئی لو نیو ایئر‘‘ بھی مکمل ہو چکی ہے۔ بھوشن کمار اور کرشن کمار کی مشترکہ پروڈکشن کی ہدایات رادھیکا راؤ اور وینے ساپرو نے دی ہیں۔ اس فلم میں کنگنا رناوت سنی دیول کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں نوین چوہدری، تنیشتا چترجی، پریم چوپڑا، ریما لاگو، مایا الگا، منوج جوشی، جیتن مکھی، ویرت مشرا اور ارباز خان شامل ہیں۔ رومانوی کامیڈی فلم کی عکس بندی ممبئی کے علاوہ نیویارک اور بنکاک میں کی گئی ہے۔ پروڈیوسرز کے مطابق فلم کا تمام تر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اس فلم کو ابتدا میں گزشتہ برس 22فروری کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا جسے کچھ ہی دنوں بعد تبدیل کرتے ہوئے 26 اپریل اور پھر 26 جولائی پر پہنچا دیا گیا مگر یہ فلم اس دن بھی ریلیز نہ ہوسکی اور دوبارہ سے نئے سال کی آمد سے دو روز قبل یعنی 30دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنائے جانے کا اعلان کیا گیا مگر یہ فلم پھر بھی ریلیز نہیں کی گئی۔ اس کے بعد سے ’’ آئی لو نیو ایئر‘‘ کو ریلیز کیے جانے کی نئی تاریغ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔