ہوسٹن اسکواش کوالیفائرز؛ 4 پاکستانی قسمت آزمائیں گے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 مارچ 2014
15 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ کا مین راؤنڈ 27 مارچ سے شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

15 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ کا مین راؤنڈ 27 مارچ سے شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

نیویارک: ہوسٹن  اوپن سکواش ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ مرحلہ منگل سے شروع ہوگا۔ ایونٹ کے مین راؤنڈ میں رسائی کیلیے  4 پاکستانی کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق15 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ہوسٹن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کا آغاز 27 مارچ سے ہوگا ایونٹ کے کوالیفائنگ مرحلے کے مقابلے منگل سے شروع ہوجائیں گے جس میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دنیا بھر سے 16 پلیئرز قسمت آزمائی کریں گے، ان میں سے 4 کومین مرحلے میں رسائی کا پروانہ ملے گا۔  ٹورنامنٹ میں پاکستان کی طرف سے ورلڈ نمبر 94 یاسرعلی بٹ، عالمی نمبر 124 عاقب حنیف، ورلڈ نمبر 164 شاہجہان خان اور ایک ان رینکنگ کھلاڑی جہانزیب خان شریک ہیں۔ کوالیفائرز مرحلے کے ابتدائی راؤنڈ میں یاسر علی بٹ کا سامنا پیرو کے ڈیاگو الیاز سے ہوگا۔ دوسرے پاکستانی پلیئر عاقب حنیف امریکی ٹوڈ ہیرٹلی سے مقابلہ کریں گے۔

شاہجہان خان ابتدائی کوالیفائر مقابلے میں آسٹریلوی زیک الیگزینڈز کیخلاف قسمت آزمائی کریں گے۔ آخری پاکستانی کھلاڑی جہانزیب خان کو ٹاپ رینکنگ کوالیفائر کھلاڑی میکسیکن آرٹورو سلازار سے مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایونٹ میں شریک تمام قومی کھلاڑی پرامید ہیں کہ وہ ابتدائی رکاوٹ عبور کرتے ہوئے مین مرحلے میں رسائی حاصل کرلیں گے۔ یاسر علی بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کی جانب سے ان کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں شرکت کے مواقع فراہم بہترین اقدام ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ٹاپ رینکنگ ورلڈ پلیئرز کے ساتھ مقابلوں سے ناصرف ان کے کھیل میں بہتری آئے گی بلکہ پاکستان میں ماضی کے سنہری دور کی جانب لوٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔