حکومت سندھ کی پولیو کے خاتمے پر توجہ مرکوز ہے،گورنر

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 مارچ 2014
ڈاکٹر عشرت العباد کی گلوبل ڈیولپمنٹ فنڈ برائے انسداد پولیو کے وفد سے گفتگو فوٹو: فائل

ڈاکٹر عشرت العباد کی گلوبل ڈیولپمنٹ فنڈ برائے انسداد پولیو کے وفد سے گفتگو فوٹو: فائل

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کی توجہ مرکوز ہے۔

انھوں نے کہا کہ اندرون ملک سے لوگوں کی کراچی منتقلی کی وجہ سے یہاں پولیو کے مر ض میں اضافہ ہوا ہے، حکومت سندھ اس مرض کے خاتمے کیلیے مختلف اقدامات پر عمل کر رہی ہے جس میں گھر گھر جاکر انسداد پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا مستقل بنیا پر جاری رکھنا اور روٹین امیونائزیشن شامل ہے، اس کے لیے کراچی کو یونین کونسل کی سطح پر تقسیم کیا گیا ہے تاکہ بہتر مانیٹرنگ ہوسکے، اس اقدام سے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں، انھوں نے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں پولیو کے مرض کی نشاندہی نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا رہا ہے، حکومت نے اس مرض کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔

وہ ڈاکٹر کرس ایلیس صدر برائے گلوبل ڈیولپمنٹ فنڈ برائے انسداد پولیو کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرہے تھے، وفد میں ڈاکٹر وقار اجمل، ڈاکٹر الیاس درے و دیگر موجود تھے ، گورنر نے کہا کہ حکومت سندھ کو پولیو کے حوالے سے کئی مشکلات کا سامنا ہے، پولیو رضا کاروں پر ہونے والے حملوں نے انسداد پولیو مہم کو بہت نقصان پہنچا ہے لیکن حکومتی اقدامات سے ان  رضا کاروں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے، اس موقع پر گلوبل ڈیولپمنٹ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیس نے گورنر سندھ کو بتایا کہ دنیا کے3ممالک کے علاوہ تمام ممالک سے اس مرض کا خاتمہ ہوچکا ہے، جن ممالک میں یہ مرض موجود ہے ان میں افغانستان، نائیجیریا اور پاکستان شامل ہیں، انھوں نے گورنر سندھ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جیسے شہر سے اس مرض کا خاتمہ کراچی کی امیج کو بہتر کرے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔