دہشتگردی کے عنوان سے جنگ مغرب کی ضرورت ہے،فضل الرحمن

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 مارچ 2014
کراچی: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں، حافظ حسین بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : آئی این پی

کراچی: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں، حافظ حسین بھی موجود ہیں ۔ فوٹو : آئی این پی

کراچی: جے یوآئی (ف) کے سربراہ وکشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عالمی قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں‘ مغرب چاہتا ہے کہ دینی طبقہ مشتعل ہو کر بندوق اٹھائے اور دلیل سے بات نہ کرے۔

دہشتگردی کے عنوان سے جنگ مغرب کی ضرورت ہے، کراچی بدامنی کی بنیاد معاشی واقتصادی مسئلہ ہے، ٹارگٹڈ آپریشن کے بجائے اصل مسئلے کے حل پر توجہ دینی ہو گی، طالبان سے مذاکرات میں حکومت کی نیت پر کوئی شک نہیں لیکن طریقہ کار سے اختلاف ہے، بانی پاکستان نے عالم دین سے قومی پرچم لہروایا لیکن خود کو انکا وارث کہلانے والوں کے ذہنوں پر دینی مدارس بوجھ بن چکے ہیں۔ انہوں نے جے یوآئی کراچی سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ عالمی طاقتیں عالم اسلام کیخلاف سازشیں کر رہی ہیں، یہ تہذیبوں کی جنگ ہے، مغرب اپنی تہذیب ہم پر مسلط کرنا چاہتا ہے، دینی مدارس میں عزت وآبرو کا درس دشمن قوتوں کو انتہاپسندی لگتا ہے۔

دوسری بیوی کیلیے پہلی سے اجازت کو لازمی قرار نہ دیا جائے تو چیخ وپکار لیکن بیوی کے ہوتے حرامکاری کو قانونی تحفظ دیا جائے تو اسے قبول کر لیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امن کیلیے مذاکرات پر قومی اتفاق رائے ہے لیکن حکومت جس راستے پر چل رہی ہے اس سے نتائج حاصل نہیں ہو سکتے، قبائلی جرگہ کے ذریعے مذاکرات زیادہ موثر طریقہ تھا، ہم نے ایشوز پر بات کی ہے، وزارتیں اہمیت نہیں رکھتیں، کراچی میں دیرپا امن کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر بیٹھنا ہو گا، کراچی میں روزگار کیلیے آنیوالے روزگار نہ ملنے پر جرائم کرنے لگتے ہیں اس لیے حکومت کو معاشی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔