پی ٹی آئی رہنما کے ساتھ ناروا سلوک پر افسر اور اہلکار معطل

سٹی رپورٹر  ہفتہ 22 اکتوبر 2022
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی صالح محمد سواتی کے ساتھ ناروا سلوک پر آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ پر صالح محمد کے گلے میں مجرموں کی طرح سلیٹ ڈال کر تصویر شیئر کی گئی تھی، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور پھر صارفین نے اس پر اسلام آباد پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی ایم این اے صالح محمد کے گن مین کی جانب سے فائر کرنے کے معاملے پر پولیس نے گن مین اور صالح محمد کو حراست میں لے لیا تھا۔۔

پولیس کی جانب سے صالح محمد اور اس کے گن مین کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا گیا جبکہ پرچہ اندراج کے وقت پولیس نے صالح محمد کے گلے میں سلیٹ ڈال کھڑا کردیا جس پر لکھا ہوا ملزم صالح محمد درج ہے۔

واضح رہے کہ کسی بھی ایم این اے کے ساتھ پہلی بار ایسا ناروا سلوک کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صالح محمد صاحب کی تصویر جاری کرنے کا معاملے پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ سی آر او انچارج اور ملوث اہلکار کو تا حکم ثانی معطل کیا اور ایس ایس پی آپریشنز کو سارے معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔