بنگلادیش میں طوفان نے تباہی مچادی؛ ہلاکتیں 24 ہوگئیں

ویب ڈیسک  منگل 25 اکتوبر 2022
بنگلادیش میں طوفان اور بارش میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اے ایف پی

بنگلادیش میں طوفان اور بارش میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: بنگلادیش میں بارش اور طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس میں 24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں بارش اور طوفان سے دارالحکومت سمیت کئی بڑے شہروں میں معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئی۔

طوفان سے مصروف سڑکوں پر بل بورڈز اور درخت گر گئے جس سے ٹریفک معطل ہوگئی جب کہ کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی ہوئے۔

بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا جب کہ دارالحکومت میں بھی کئی علاقے نیٹ اور موبائل سروس سے محروم ہوگئے۔

طوفان اور بارشوں میں مجموعی طور پر 24 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 2 درجن سے زائد زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وبائی امراض پھوٹنے کا بھی امکان ہے۔

قبل ازیں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی لیکن خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طوفان اور بارشوں بالخصوص لینڈ سلائیڈنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور درست تعداد نیٹ اور موبائل سروس بحالی کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔